عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// محکمہ زراعت کے پرنسپل سکریٹری شیلندر کمار نے منگل کوزراعت اور باغبانی کے محکموں کی ایک میٹنگ میں کئی مرکزی سکیموں کی کامیابیوں کا جائزہ لیا ۔جامع زرعی ترقیاتی پروگرام کے تحت پروجیکٹس کے نفاذ پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے شیلندر کمار نے مختلف CSSs، HADP اور CAPEX کے تحت جاری کئے جانے والے فنڈز کے منصفانہ اخراجات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ مرکزی اسپانسرڈ اسکیموں کے مختلف حصوں کے تحت مختص فنڈز کو کسی بھی قسم کی کوتاہی سے بچنے کیلئے مکمل طور پر خرچ کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے تمام اخراجات کے دوران شفافیت اور جوابدہی کی اعلیٰ ترین سطح کو برقرار رکھنے کی اہمیت کا اعادہ کیا۔پرنسپل سکریٹری نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ ضلعی سطح پر مختلف اقدامات کے نفاذ کے دوران ضلعی انتظامیہ کے ساتھ قریبی تال میل میں کام کریں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ہر علاقے کے کسانوں تک پہنچیں اور انہیں زراعت اور باغبانی کے شعبے میں جدید ترین کسان دوست ٹیکنالوجیز سے آگاہ کریں۔