عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو کہا کہ دفعہ 370 سابقہ ریاست کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ تھی، جس سے جموں و کشمیر کو مودی نے حکومت نے نجات دلائی ہے۔
مودی نے یہ بھی کہا کہ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد، جموں و کشمیر، جو اب ایک مرکز کے زیر انتظام علاقہ ہے، نے تمام خطوں اور تمام شعبوں میں متوازن ترقی دیکھی ہے۔
جموں و کشمیر کے لیے 32,000 کروڑ روپے سے زیادہ کے متعدد پروجیکٹوں اور ملک کے دیگر حصوں کے لیے 13,500 کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کا آغاز کرنے کے بعد ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے، انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت پہلی بار جموں و کشمیر میں لوگوں کی دہلیز تک پہنچی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ مودی کی ضمانت ہے اور یہ جاری رہے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ آرٹیکل 370 جموں و کشمیر میں ہمہ گیر ترقی لانے میں اہم رکاوٹ تھی اور بی جے پی حکومت نے اسے منسوخ کر دیا ہے۔
اُنہوں نے کہا، ”جس حکومت کی ترجیح صرف ایک خاندان کی فلاح و بہبود ہے وہ عام لوگوں کی بھلائی کا سوچ بھی نہیں سکتی۔ مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہے کہ جموں و کشمیر خاندانی راج سے آزاد ہو رہا ہے“۔
انہوں نے کہا، ”ترقی یافتہ بھارت کا مطلب ہے ترقی یافتہ جموں و کشمیر“۔
مودی نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عام لوگوں کو دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد پہلی بار آئین میں درج سماجی انصاف کی یقین دہانی ملی ہے۔ “آج پوری دنیا میں ترقی پذیر جموں و کشمیر کو لے کر کافی جوش و خروش ہے”۔
ان منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے جن کا انہوں نے یا تو افتتاح کیا یا سنگ بنیاد رکھا، مودی نے کہا کہ یہ جموں و کشمیر کے لیے ایک قابل ذکر دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں منصوبے خطے کی مجموعی ترقی کو آگے بڑھائیں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پچھلے 10 سالوں میں بھارت میں ریکارڈ تعداد میں اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں قائم کی گئیں، صرف جموں و کشمیر میں 50 نئے ڈگری کالج قائم کیے گئے۔
مودی نے جن ترقیاتی منصوبوں کا آغاز یا سنگ بنیاد رکھا ان میں جموں و کشمیر میں تعلیم، ریلوے، ہوا بازی اور سڑک کے شعبوں سے متعلق منصوبے شامل ہیں۔
جبکہ ملک کے دیگر حصوں کے پروجیکٹوں میں آئی آئی ٹی، آئی آئی ایم اور مرکزی یونیورسٹیاں شامل ہیں۔
مودی نے جموں و کشمیر کے تقریباً 1500 نئے بھرتی ہونے والے سرکاری ملازمین میں تقرری کے خطوط بھی تقسیم کیے اور ’وکشت بھارت، جموں‘ پروگرام کے حصے کے طور پر مختلف اسکیموں کے استفادہ کنندگان سے بات چیت کی۔