عظمیٰ نیوز سروس
فرید آباد//ہریانہ کے فرید آباد میں منعقدہ 37 ویں سورج کنڈ بین الاقوامی میلے میں جموں و کشمیر پویلین کو زبردست پذیرائی ملی۔اس میلے نے ایک شاندارکینوس کے طور پر کام کیا جس میں جموںوکشمیر کے فن اور ثقافت کی عظمت کومختلف شکلوں میں دِکھا یا گیا۔محکمہ صنعت و حرفت کے زیر اہتمام جموں و کشمیر ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن (جے کے ٹی پی او) نے جموں و کشمیر کی منفرد اور دُنیا کے مشہور ہینڈ لوم اور دستکاری مصنوعات کے لئے 21 سٹالوںسے شاندار ڈسپلے تیار کیا۔ان سٹالوں میں پشمینہ شال، کانی شال اور سوزِنی آرٹ ورک، ہاتھ سے کڑھائی والے ملبوسات بشمول پھیرن، رنگین پیپر ماشی مصنوعات، پیچیدہ نمونوں سے مزین ہاتھ سے بنے ریشم قالین اور دیگر منفرد مصنوعات کے ذریعے جموں وکشمیر کی نمائش کی ۔ سیاحوں اور لوگوںکو نہ صرف ان شاندارمصنوعات کو دیکھنے کا موقعہ ملا بلکہ خود کاریگروں کے ساتھ بھی مشغول رہے۔سورج کنڈ بین الاقوامی میلہ بین الاقوامی سیاحتی کیلنڈر پر ایک اہم ایونٹ ہے جس میں ہزاروں غیر ملکی سیاحوں سمیت زائد اَز دس لاکھ سیاح آتے ہیں ۔یہ عالمی سطح پر دستکاری کے سب سے بڑے میلے کے طور پر جانا جاتا ہے جو ہندوستان کے ہینڈی کرافٹس ، ہینڈ لوم اور ثقافتی تانے بانے کی فراوانی اور تنوع کو ظاہر کرتا ہے ۔سورج کنڈ میلہ اَتھارٹی اور ہریانہ ٹوراِزم نے مرکزی وزارت سیاحت، ٹیکسٹائل، ثقافت اور وزارتِ خارجہ امور کے اشتراک سے منعقد کیا جو 37 ویں ایڈیشن میں ریاست گجرات کو تھیم سٹیٹ کے طور پر پیش کیا گیا۔
میلے میں کم از کم 20 ممالک اور ہندوستان کی تمام ریاستوں کی شرکت سے ثقافتی تبادلے کو بڑے پیمانے پر فروغ ملا۔میلے میں ورثے کے دستکاریوں کے تحفظ کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے روایتی مہارتوں کی نمائش کے لئے ایک خصوصی سیکشن مختص کیا ۔ معروف قومی اور بین الاقوامی لوک فن کاروں اور ثقافتی گروپوں نے اوپن ایئر تھیٹروں میں شرکت کی اور پورے ایونٹ کے دوران دلفریب پروگراموں اور پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔جموں و کشمیر ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن (جے کے ٹی پی او) پویلین نے دستکاری کے شائقین کواَپنی طرف متوجہ کیا جس سے 1.3 کروڑ روپے کی فروخت ہوئی اور 450 کی تعداد میں لیڈز حاصل ہوئے۔ فروخت اور لیڈز مل کر کاریگروں اور کاروباریوں کے لئے باقاعدگی سے اور مسلسل بڑھتے ہوئے سالانہ کاروبار کو پیدا کرنے میں سہولیت فراہم کریں گے ۔ اِس طرح طویل مدتی بنیادوں پر جموں و کشمیر کی معیشت پر مثبت اثر ات مرتب ہوں گے ۔ اس طرح کی کامیابیوں اور جموں تجارتی میلے 2024 ء کے اِختتام پر جے کے ٹی پی او میگا جے کے ٹریڈ شو 2024 کی تیاری کر رہا ہے جو آنے والے مہینوں میں سری نگر میں خوبصورت گورنمنٹ آرٹس ایمپوریم گارڈن میں منعقد ہونے والا ہے۔جموں و کشمیر ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن (جے کے ٹی پی او) مقامی مصنوعات کی وکالت کرنے، کاریگروں کی مدد کرنے اور جموںوکشمیرمیں کاروباری اَقدامات کو فروغ دینے میں سب سے آگے رہا ہے۔ اس نے رواں مالی برس کے دوران 15 نمائشوں اور تجارتی میلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔