زاہد بشیر
گول// گول سب ڈویژ ن میں پہلی بارش نے محکمہ تعمیرات عامہ اور پی ایم جی ایس وائی کی پول کھول کر رکھ دی ہے ۔ کئی رابطہ سڑکوں کی حالت نہایت ہی ابتر ہے جہاں آبِ نکاس نہ ہونے کے برابر ہے اور گزشتہ دو روز سے شدید بارشوں کی وجہ سے لوگوں کو چلنا محال بن گیا وہیں لوگوں کی زرعی اراضی اور رہائشی مکانات میں بھی پانی آ گیا ۔اس دوران گول رام بن شاہراہ چھپرن نالہ کے مقام پر گزشتہ شام سے ہی پانی کا کافی زیادہ بھائو تھا جس وجہ سے ٹریفک مسدود ہو کر رہ گیا تھا اور گریف حکام نے آج بعد دوپہر گول رام بن شاہراہ کو ٹریفک کی آمد ورفت کے لئے بحال کر دیا ۔ اتوار کے دوپہر سے گول سب ڈویژن میں پہاڑی علاقوں میں برف باری اور نچلے علاقوں میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے وہیں تیز ہوائوں کے بیچ لوگوں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا ۔گول کے کینٹھہ دلواہ روڈ، مہاکنڈ ، جبڑ ، گول سلبلہ، گول فرید آباد ہارہ روڈ، داڑم مکجی ، گگر سولہ داڑم و دوسری رابطہ سڑکوں پر آبِ نکاس نہ ہونے کی وجہ سے پانی لوگوں کے زرعی اراضی و رہائشی مکانات میں گیا او ر سڑکیں تالاب کی شکل اختیار کر چکی ہیں جس وجہ سے لوگوں کو چلنا محال بن گیا ہے ۔ مقامی لوگوں کے مطابق محکمہ تعمیرات عامہ اور پی ایم جی ایس وائی کی ناقص کار کردگی کی وجہ سے اس طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرناپڑ رہا ہے ۔ لوگوں کے مطابق تعمیرات کے دوران آبِ نکاس کا کوئی خیال نہیں رکھاجا رہا ہے اور پانی کو مختلف مقامات کے بجائے ایک جگہ کے لئے ڈالا جاتا جس وجہ سے پانی کا زیادہ بھائو بن جاتا ہے اور لوگوں کو شدید نقصانات سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے ۔ اس طرح کی نا قص کار کردگی محکمہ تعمیرات عامہ کیلئے سوالیہ نشان بن گیا ہے لیکن محکمہ اس کی طرف کوئی دھیان نہیں دے رہا ہے اور نہ ہی انتظامیہ کوئی قدم اٹھا رہی ہے ۔ آئے روز لوگ نئی اور پرانی سڑکوں کی تعمیرات کی وجہ سے شدید پریشانیوں سے دوچار ہیں اور ان پریشانیوں کو دور کرنے کے لئے دہائیوں سے انتظامیہ اور سرکاریں ناکام ہو چکی ہیں ۔ لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ سڑکوں کے آبِ نکاس کو بہتر بنایا جائے تا کہ لوگوں کو پریشانیوں اور نقصانات سے دوچار نہ ہونا پڑے۔