محمد تسکین
بانہال//پچھلے 36گھنٹوں میں بانہال میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یہاں59.8ملی میٹرجبکہ رام بن میں 47 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔رام بن ضلع کے درجنوں دیہات بجلی اور سڑک رابطوں سے منقطع ہو گئے ہیں ۔ رام بن بانہال سیکٹر میں شدید بارشوں کیوجہ سے جہاں شاہراہ بند ہوگئی ہے وہیں بارشوں اور برفباری کی وجہ سے ضلع رام بن کے مہو،منگت ، سراچی ، اکڑال پوگل،پرستان، سینابتی ،النباس ، ترگام ، دراڑم ،بھیم داسہ اور گوئی کی رابطہ سڑکیں بھی پسیوںکے علاہ برفباری کی وجہ سے بندہوگئی ہیں۔55کلو میٹر لمبی رام بن ۔ گول سڑک چھپرن نالہ میں آئی طغیانی کی وجہ سے صبح سے بند تھی تاہم سہ پہر بعد سڑک کو بحال کیا گیا ۔ بارشوں اور برفباری کے ساتھ تیز ہوائوں کی وجہ سے سب ڈویژن بانہال اور کھڑی کے کئی علاقوں میں درختوں کو نقصان پہنچا۔ بارشوں اور تیز ہوا سے ضلع رام بن کے درجنوں دیہات میں بجلی اتوار رات اور پیر کی صبح سے غل ہے ۔بانہال اور رامسو سب ڈویژن کے مہو منگت ، پوگل پرستان ، سینابتی ، نیل اور جواہر ٹنل ٹاپ کے علاقوں میں 6 انچ سے دو فٹ تک بھاری برفباری ہوئی اور یہ سلسلہ پیر کی شام تک جاری تھا ۔