محمد تسکین
بانہال //اتوار کی دوپہرسے رام بن اور بانہال کے نچلے علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ پیر کی شام تک جاری تھا جبکہ جواہر ٹنل سمیت پیر پنجال کے پہاڑی علاقوں میں6 انچ سے2 فٹ تک تازہ برفباری ہوئی ۔جموں سرینگر قومی شاہراہ پیر کی صبح قریب دس بجے سے مسلسل بارشوں کیوجہ سے متعدد مقامات پر گر آئے پتھروں اور پسیوں کے نتیجے میں بند رہی اور شاہراہ بند ہونے کے بعدٹریفک کو قاضی گنڈ ٹنل اور ادہمپور میں روک دیا گیا ۔ رام بن کے کیفٹریا موڑ اور مہاڑ علاقے میں بحالی کا کام مسلسل بارشوں اور گرتے پتھروں کی وجہ سے ممکن نہیں ہو سکا ، تاہم متاثرہ مقامات پر درماند مسافر گاڑیوں کو رام بن۔ میتراہ ۔ کرول سڑک سے نکالا گیا ۔ ٹریفک حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شاہراہ پر ناشری ٹنل اور بانہال کے درمیان متعدد مقامات پر پتھر اور پسیاں گر آئیںجس کیوجہ سے شاہراہ کو صبح قریب دس بجے سے ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ۔ ڈھلواس اور بانہال کے چملواس علاقے میں کیچڑوں پر مشتمل پسیوں کے علاہ قومی شاہراہ پر مہاڑ ، کیفٹریا موڑ ، کیلا موڑ کے نزدیک ٹنل نمبر2 ، رامسو کانگرو ، شیر بی بی اور شالگڑی کے مقامات پر پسیاں گر آئیں اور پتھر مسلسل گرتے رہے۔