محمد تسکین
بانہال // بانہال سے تین کلومیٹر دور بنکوٹ گاؤں میں قائم ڈگری کالج بانہال کیلئے سڑک کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا ہے اور ڈی ڈی سی کونسلر اور سنیئر کانگریس لیڈر امتیاز احمد کھانڈے نے ہفتے کے روز ڈگری کالج روڈ کے کام کا افتتاح کیا ۔ یہ کالج روڈ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر واقع تلباغ کی بستی سے ہو کر آئیگا اور نالہ بشلڑی کو پار کرنے کیلئے محکمہ تعمیرات عامہ کی طرف سے ایک سٹیل پل کئی سال پہلے تیار کیا گیا ہے۔ شاہراہ پر رتن باس کے نزدیک تعمیر کئے جا رہے کالج لنک سے دور دراز کے علاقوں سے آنے والے طالب علموں خصوصاً طالبات کی رسائی ڈگری کالج بنکوٹ بانہال تک اسان ہو جائیگی۔2014 سے زیر تعمیر ڈگری کالج بانہال میں پچھلے تین سالوں سے ایک عمارت سے تعلیمی سلسلہ شروع کیا گیا ہے لیکن ڈگری کالج بانہال کو ابھی تک سڑک رابطے سے جوڑا نہیں گیا تھا اور اس کی سزا دور دراز کے علاقوں سے آنے والے سینکڑوں طالب علموں اور کالج سٹاف کو پیدل چل کو بھگتنا پڑتی تھی۔ سڑک نہ ہونے کیوجہ سے کالج کی بسیں بھی ناقابل استعمال ہو کر رہ گئی ہیں اور بچوں کو قصبہ بانہال سے بنکوٹ گاؤں میں قائم ڈگری کالج تک پہنچنے کیلئے کئی گاڑیاں بدلنا پڑی ہیں اور پر خطر راستوں سے پیدل ہی آنا پڑتا ہے۔ ہفتے کے روز ایک تقریب کے موقع پر ڈی ڈی سی کونسلر امتیاز احمد کھانڈے کے ہاتھوں ڈگری کالج روڈ کے رسم افتتاح سے طالب علموں ان کے والدین اور عام لوگوں میں خوشی ہے۔ اس موقع پر امتیاز احمد کھانڈے نے گورنر اور ضلع انتظامیہ کے علاوہ محکمہ تعمیرات عامہ کے ایکسین اور دیگر انجینئروںاور اہلکاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تمام لوگوں کو کالج روڈ کے دیرینہ معاملے کو حل کرکے اسے شروع کرنے پر مبارکبادیں پیش کی۔ ڈی ڈی سی کونسلر بانہال امتیاز احمد کھانڈے نے کہا کہ اس سڑک کی لمبائی 2300 میٹر ہے اور اس پر سوا تین کروڑ روپئے کی رقم خرچ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس روڈ سے کھڑی ، مہومنگت ، رامسو ، شیر بی بی ، ناچلانہ ، نیل ، چملواس اور بانہال کے طالب علموں اور کالج سٹاف کو کالج تک پہنچنے میں درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو جائیگا۔ انہوں نے کالج روڈ کو منظور کرنے میں اپنی دلچسپی دکھانے کیلئے ضلع انتظامیہ رام بن ، محکمہ تعمیرات عامہ کے حکام اور لیفٹنٹ گورنر کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ڈگری کالج بانہال کیلئے بالآخر رابط سڑک کی تعمیرشروع