عظمیٰ نیوزسروس
جموں//مرکزی وزارت دیہی ترقی نے جموں کشمیرمیں سڑک رابطوں کوبہتر بنانے کیلئے 134 کلومیٹر لمبی12س ڑکوں اورایک پل کی اَپ گریڈیشن کیلئے 152.38کروڑروپے کے پیکیج کومنظوری دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی جموں کشمیرمیں وزیراعظم دیہی سڑک یوجناIIIپروگرام کے تحت جموں کشمیرمیں 2245.46کروڑروپے کی لاگت سے 1750کلومیٹرسڑکوں کی اپ گریڈیشن اور66پلوں کی تعمیر 233پروجیکٹوں کے تحت منظور کی گئی ہیں۔16فروری کوجموں کشمیر کے مرکزی زیرانتظامیہ علاقہ کی طرف سے تجاویز کووزیراعظم دیہی سڑک یوجناIIIکے تحت منظور کیا گیا۔وزیراعظم دیہی سڑک یوجنا جموں کشمیرمیں سال2001-02میں شروع کی گئی تاکہ جموں کشمیر کے سڑک رابطے کے بغیرآبادیوں کو سڑکوں سے جوڑ دیاجائے۔اس پروگرام کے تحت 2140دیہات اس سکیم کے تحت سڑکوں سے جوڑنے کے اہل تھے ،جس کیلئے وزارت دیہی ترقی نے3425کام وزیراعظم دیہی سڑک یوجناIاورIIکے تحت منظور کئے تاکہ12565کروڑروپے کی لاگت سے 19049 کلومیٹرطویل سڑکوں کو تعمیر کیاجائے۔کام کرنے کے ناموافق حالات کے باوجود جموں کشمیر نے پی این جی ایس وائی اول ودوم کے تحت کاموں کے98فیصداہداف کوحاصل کیااورباقی ماندہ 23دیہات کومارچ2024تک سڑک رابطوں سے جوڑدیاجائے گا۔