عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//سرینگر میں آگ کی دوالگ الگ وارداتوں میں 2ڈھانچوں کو نقصان پہنچا۔ مولانا آزاد روڈ پر واقع ایم ایل اے ہوسٹل میں جمعہ کی صبح آگ کی ایک واردات میں ایک رہائشی کوارٹر کو شدید نقصان پہنچا۔محکمہ فائر اینڈ ایمر جنسی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ایم ایل اے ہوسٹل میں جمعہ کی صبح قریب نو بجے ایک دو منزلہ رہائشی کوارٹر کی دوسری منزل سے آگ نمودار ہوئی جس سے اس عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔انہوں نے کہا کہ آگ کی اس واردات میں ایک چنار کے درخت اور ایک لکڑی کے ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچا۔موصوف عہدیدار کا کہنا تھا کہ نزدیکی فائر اسٹیشنوں کے فائر ٹنڈرس جائے موقع پر پہنچے اور آگ کو قابو میں کر لیا۔انہوں نے کہا کہ تاہم اس واردات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔ ادھر سرینگر کے چھتہ بل علاقے میں جمعہ کو آگ لگنے سے ایک اسکول کی عمارت کو نقصان پہنچا۔ بتایا جاتا ہے کہ چھتہ بل کے ویر علاقے میں واقع ویلی کامن ویلتھ اسکول میں دوپہر کو آگ لگ گئی۔جس کے بعد محکمہ فائر سروس اکے اہلکار موقعہ پر پہنچ گئے جنہوں نے آگ پر قابو پا لیا ۔ حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے واقعے میں اسکول کی عمارت کو جزوی نقصان پہنچا، جب کہ آگ لگنے کی وجہ معلوم کی جارہی ہے۔