عظمیٰ نیوز سروس
جموں//جموں و کشمیر کے محکمہ جنگلات نے نیچر کنزروینسی اور ٹی ای آر آئی اسکول آف ایڈوانسڈ اسٹڈیز کے اشتراک سے ہندوستان میں قدرتی آب و ہوا کے حل کو فروغ دینے کیلئے ایک روزہ علم اور تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا۔گورنمنٹ کنویکشن سنٹر جموں میں گول میز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ اینڈ ایچ او ایف ایف روشن جگی نے اس تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔کانفرنس کے دوران قدرتی آب و ہوا کے حل جس میں شامل ہیں – ماحولیاتی نظام کی خدمات کا نقطہ نظر، موسمیاتی تبدیلی کے خطرے کے چیلنجز، زمین کی تنزلی اور قدرتی حل کے ذریعے موسمیاتی تبدیلی کو کم کرنے کے طریقوں پر غور کیا گیا۔جموں میں گول میز اس طرح کی کانفرنسوں میں سے ایک تھی جس کا اہتمام ٹی ای آر آئی اسکول آف ایڈوانسڈ اسٹڈیز نے گزشتہ چند مہینوں میں ’دی نیچر کنزروینسی‘ کے تعاون سے اور مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ایم او ای ایف سی سی اور محکمہ جنگلات کے اشتراک سے حکمت عملی وضع کرنے کے لئے کیا تھا۔ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے زمین کے درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے پیدا ہونے والی ماحولیاتی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے فطرت پر مبنی حل کو فروغ دینے کے لئے عملی منصوبہ بندی کرناتھا۔اس دوران بنیادی توجہ قدرتی آب و ہوا کے حل کی صلاحیتوں کو فروغ دینے پر تھی تاکہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے خاتمے کے لئے پالیسی سازوں کی صلاحیت کو مضبوط اور فروغ دیا جا سکے۔ اس کا مقصد مقامی سطح پر آب و ہوا کے اہداف اور پائیدار ترقی کے حصول کے لئے حکمت عملیوں کی تاثیر کو بڑھانا بھی تھا۔چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ اینڈ ایچ او ایف ایف نے اپنے خطاب میں کاربن نیوٹرلٹی کے مقصد سے پروگرام کے انعقاد کے لئے TERI اسکول آف ایڈوانسڈ اسٹڈیز کو سراہا۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کی حقیقت اور موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں پیش آنے والے انتہائی واقعات کے بارے میں جانکاری فراہم کی ۔انہوں نے یوٹی سطح پر مخصوص منصوبوں کے نفاذ اور طرز زندگی کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ مرکوز کی جس میں وہ تمام سرگرمیاں جو ماحول کے لئے نقصان دہ ہیں کو کم کیا جائے۔ انہوں نے محکمہ جنگلات کی جانب سے بڑے پیمانے پر شجرکاری مہم، مٹی اور پانی کے تحفظ کے کاموں، آبی ذخائر کی بحالی، نگر وینوں کی تشکیل، کیچمنٹ ایریا ٹریٹمنٹ پلانز، اور جنگلات کی آگ کی روک تھام اور جنگلات کی حدود کو محفوظ بنانے کے ذریعے کیے گئے تخفیف کے اقدامات کے سلسلے پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے تمام افسران کو مشورہ دیا کہ وہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لئے اضافی کوششیں کریں اور تخفیف کے منصوبوں کو اس انداز میں ترتیب دیں تاکہ لوگ اس سے جڑ سکیں اور اہداف کے حصول کے لیے اہم کردار ادا کر سکیں۔