عاصف بٹ
کشتواڑ //امسال پہلی مرتبہ موسم سرما میں بھی کشتواڑ سنتھن اننت ناگ قومی شاہرہ آمدرفت کیلئے کھلی رہی تاہم ایک فروری کو ہوئی برفباری کے بعد سنتھن شاہرہ پر آمدرفت ہنوز بند پڑی ہوئی ہے ۔اگرچہ این ایچ آئی ڈی سی ایل نے سات فروری کو ہی برف ہٹانے کا عمل مکمل کرلیا تھا اور انتظامیہ کو اسکی جانکاری دی تھی کہ سڑک پر آمدرفت کو بحال کیا جاسکتاہے۔اننت ناگ انتظامیہ نے اگرچہ پیرکو بیان جاری کرتے ہوے سڑک پر آمدرفت کو بحال کرنے کوکہا اور سڑک پر ساڈھے گیارہ سے دوپہر ڈھائی بجے تک گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی جبکہ دوسری جانب کشتواڑ انتظامیہ نے کہا ہے کہ موسم ساز گار رہنے پر آج سے شاہراہ پر آمد ورفت بحال ہو سکتی ہے جبکہ اس کیلئے انتظامیہ کی جانب سے وقت بھی مقرر کیا گیا ہے ۔حکام نے مسافروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ موسم بہتر رہنے پر وہ صبح دس بجے سے دوپہر دو بجے تک شاہرا ہ پر احتیاط سے سفر کر سکتے ہیں تاہم اس عمل سے قبل انتظامیہ سے رجوع کر کے صورتحال کے بارے میں جانکاری حاصل کرنا بھی ضروری ہے ۔اس سے قبل ایس ڈی ایم چھاترو نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ تحصیلدار چھاترو کو ہدایت دی گی ہے کہ وہ معائینہ کرے جسکے بعد ضلع ترقیاتی کمشنر کو رپورٹ سونپی جاے اور گاڑیوں کے چلنے کیلئے حکم نامہ جاری کیا جائیگا۔۔ واضح رہے کہ سنتھن ٹاپ پر قریب سات فٹ برفباری ہونے کے بعد گزشتہ تیرہ روز سے سڑک آمدرفت کیلئے بند ہے۔وہی عوام نے انتظامیہ سے فوری طور سڑک کو ایمرجنسی کیلئے کھولنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عوام کو مزید مشکلات درپیش نہ ہو اور عوام بلاخلل سڑک پر سفر کرسکے۔