عظمیٰ نیوز سروس
جموں//چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے کل سارس آجیویکا میلہ کے دوسرے ایڈیشن کا افتتاح کیاجو دیہی خواتین کاروباریوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے والا 11 روزہ ایک متحرک پروگرام ہے۔ دیہی ترقی اور پنچایتی راج محکمہ کے تحت جموں و کشمیررورل لائیولی ہڈس مشن ( جے کے آر ایل ایم)کے زیر اہتمام منعقد ہ اِس نمائش نے آرٹ ، کرافٹ ، ثقافت اور ضیافتوں کی متنوع اَقسام کے لئے اَپنے دَروازے کھول دئیے۔چیف سیکرٹری نے اِفتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیہی خواتین کی خود انحصاری کو یقینی بنانے کے لئے وسیع تر نمائش اور مدد فراہم کرنے کی اہمیت کو بھی اُجاگر کیا۔ اَتل ڈولو نے جموں و کشمیر اور لداخ یوٹیز کے تمام اَضلاع کی نمائندگی کرنے والوں کے ساتھ 15 ریاستوں کے سٹالوں کا ذاتی طور پر معائینہ کیا۔ اُنہوں نے نمائش کنندگان سے بات چیت کی، ان کی پیشکشوں کی اِنفرادیت کے بارے میں دریافت کیا اور ان کے کاروباری جذبے کی سراہنا کی۔بعد میںچیف سیکرٹری نے مختلف ریاستوں کے روایتی ضیافتوںاور جموں وکشمیر کے مستند کھانوں کے سٹالوں کا دورہ کیا ۔ یہ اَقدام نہ صرف ضیافتوں کے تنوع کو ظاہرکرتا ہے بلکہ ثقافتی تبادلے اور معاشی بااِختیاری کو بھی فروغ دیتا ہے ۔ سارس آجیویکا میلہ15 ریاستوں سے 220 سے زیادہ دیہی خواتین پر مشتمل سیلف ہیلپ گروپ کی خواتین دستکاروں کو اَپنی مثالی دست کاری، فن کاری اور روایتی مہارتوں کا مظاہرہ کرنے کیلئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے ۔تقریب میں پین اِنڈیا کی ایک بھرپور ٹیپسٹری کی نمائش کی گئی ہے جس میں 60 منفرد سٹال لگائے گئے ہیں جن میں جموںوکشمیر یوٹی سے باہر کے40 سٹال ہیں جو ہندوستان کے مختلف خطوں کی مصنوعات کے اِمتزاج کی نمائش کرتے ہیں۔ سارس آجیویکا میلے میں آنے والے سیاح اور لوگ خوبصورتی سے تیار کردہ ہینڈ لوم اور ہینڈی کرافٹ جیسے ٹیکسٹائل، مٹی کے برتن، لکڑی کا کام، دھاتی کام، اور مصوری کی متنوع مصنوعات کی توقع کر سکتے ہیں۔ اِس تقریب میں جموں و کشمیر کے ثقافتی ورثے،روایتی موسیقی اور رقص کی پرفارمنس متحرک ماحول میں اِضافہ کرے گی۔یہ میلہ مالی آزادی کو فروغ دینے کے سلسلے میں سیلف ہیلپ گروپ کے ممبران کے لئے ایک پلیٹ فارم کے طور پر بھی کام کرتا ہے جو جموں اور کشمیررورل لائیو لی ہڈس مشن کے اشتراک سے اپنی مصنوعات کی نمائش اور فروخت کرتے ہیں۔سارس آجیویکا جموں 2.0 میں نہ صرف نمائشیں اور سیلز ہوں گی بلکہ مختلف ثقافتی پروگرام اور سرگرمیاں بھی پیش کی جائیں گی تاکہ لوگوں اور وزیٹروں کو مشغول اور تفریح فراہم کی جاسکے۔ منتظمین دیرپاطریقوں جیسے کپڑے کے تھیلوں اور کاغذ کی پیکیجنگ کی حوصلہ افزائی کرکے پلاسٹک کے استعمال سے گریز کرنا،کو فروغ دینے کے لئے بھی پُرعزم ہیں۔ تقریب کے دوران صفائی اور حفظان صحت کو یقینی بنانے کے لئے ویسٹ مینجمنٹ سسٹم قائم کیا جائے گا۔سارس آجیویکا میلہ روزانہ صبح 10 بجے سے رات 8 بجے تک کھلا رہے گا جس میںسیاحوں اور لوگوں کو مختلف قسم کے آرٹ اور کرافٹ کی نمائش کرنے والے تقریباً 60 سٹال کو دیکھنے کا موقعہ ملے گا۔ اِس کے علاوہ سیلف ہیلپ گروپس سے تعلق رکھنے والی خواتین کے لئے ایک ورکشاپ کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ ان کی مارکیٹنگ مہارت کو بڑھایا جاسکے۔اِس موقعہ پر چیف سیکرٹری کے ہمراہ سیکرٹری محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج ڈاکٹر شاہد اِقبال چودھری ،مشن ڈائریکٹر جموںوکشمیر رورل لائیولی ہڈس مشن اِندو کنول چب، ایڈیشنل مشن ڈائریکٹر جے کے آر ایل ایم جموں مردھو سلاتھیہ، ایڈیشنل مشن ڈائریکٹر جے کے آر ایل ایم کشمیر ریاض احمد بیگ اور دیگر متعلقین بھی تھے۔