عظمیٰ نیوز سروس
جموں//پرنسپل سکریٹری ثقافت سریش کمار گپتا نے کلا کیندر کا دورہ کیا اور اس کے کام کاج کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران آفیسر موصوف نے نمائشی ہالز، آرکائیو سیکشنز اور کمپلیکس کے دیگر بلاکس کا ایک دورہ کیا ۔انہوں نے سکریٹری، کلا کیندر سوسائٹی سے کہا کہ وہ جموں و کشمیر کے بھرپور ثقافتی ورثے کو ظاہر کرنے کے لئے ایک سرگرمی کیلنڈر وضع کریں۔قبل ازیں، ڈاکٹر جاوید راہی، سیکریٹری کلا کیندر سوسائٹی نے پرنسپل سیکریٹری، ثقافت کو ادارے کے کام کے بارے میں بریفنگ دی اور جموں خطے کے قدیم فن اور قدیم ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ میں اس کے کردار پر روشنی ڈالی۔ پرنسپل سکریٹری کو علاقے میں فن اور ثقافت کے فروغ اور تحفظ کے لئے کلا کیندر کی جانب سے کی جانے والی سرگرمیوں اور پروگراموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔پرنسپل سکریٹری نے ان سے عمارت کے مختلف حصوں کی مناسب لینڈ سکیپنگ، مرمت اور تزئین و آرائش کے سلسلہ میں بھی ہدایت جاری کیں ۔ادارے کے مختلف حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے پرنسپل سکریٹری نے علاقے کے متنوع ثقافتی ورثے کو فروغ دینے کے لئے عملے اور فنکاروں کی محنت اور لگن کی تعریف کی۔ انہوں نے نسل کے وسیع تر مفاد کے لئے روایتی فن پاروں کو محفوظ رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔افسران کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے سریش کمار گپتا نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ کالا کیندر ایک باوقار ادارہ ہے جو جموں خطہ کی بھرپور اور متنوع ثقافت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کالا کیندر کی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ دستکاری، ہینڈ لوم اور تصویری نمائشوں کا باقاعدگی سے انعقاد کرکے اس باوقار ادارے کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔جموں و کشمیر اکیڈمی آف آرٹ، کلچر اینڈ لینگویجز کے سیکریٹری بھرت سنگھ، محمد رفیع ڈائریکٹر لائبریریز اینڈ ریسرچ جے اینڈ کے، ڈائریکٹر آرکائیوز، آرکیالوجی اینڈ میوزیم راج کمار کٹوچ، ایڈیشنل سیکرٹری جے کے اے اے سی ایل سنجیو رانا، کلا کیندر کا عملہ بھی میٹنگ میں موجود تھا۔