عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے ہفتہ کو جموں وکشمیر میں ایسے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کے ایک حصے کے طور پر چھاپے مارے جو مبینہ طور پر دہشت گردی کی فنڈنگ اور نوجوانوں کی بنیاد پرستی میں ملوث پائے گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ چھاپہ ماری جموں، سرینگر اور جنوبی کشمیر کے کچھ حصوں میں جماعت اسلامی کے خلاف انجام دی گئی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جموں شہر کے گوجر نگر اور شہیدی چوک سمیت مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایک نجی سکول اور اس کے تین عہدیداروں سے منسلک احاطے بشمول چیئرمین کے گھر پر این آئی اے کے اہلکاروں نے چھاپہ مارا۔
ذرائع نے بتایا کہ ایجنسی کے اہلکار یہ چھاپے کشمیر کے جنوبی علاقے بشمول کولگام ضلع اور سرینگر میں جماعت اسلامی (جے ای آئی) سے وابستہ افراد کے خلاف مارے جا رہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ چھاپے جموں و کشمیر پولیس اور سینٹرل آرمڈ پولیس فورسز (سی اے پی ایف) کے ساتھ قریبی تال میل میں جاری ہیں۔
آخری اطلاعات ملنے تک این آئی اے کی چھاپہ ماری کا سلسلہ جاری تھا۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔