محمد تسکین
بانہال// بانہال میں آوارہ کتوں کیوجہ سے مال مویشیوں اور انسانوں پر حملوں کے واقعات کا سلسلہ جاری ہے اور تازہ واردات میں آوارہ کتوں کے ایک جھنڈ نے گوجر طبقہ کے ایک غریب شخص کے گھر میں گھس کر دو بھیڑوں کو شدید زخمی کر دیا ہے۔عبدالرشید گوجر ولد فیروز الدین گوجر بینٹ سکنہ شابن باس کا کہنا ہے کہ جمعرات کی شام کتوں کے ایک جھنڈ نے گھر کے ساتھ ایک شیڈ میں بندھے پانچ بھیڑوں پر حملہ کر دیا اور دو بھیڑوں کو شدید طور زخمی کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ زخمی بھیڑوں کو جمعہ کی صبح شفاخانہ حیوانات بانہال پہنچایا گیا جہاں ان کو رعائتی قیمتوں پر اینٹی ریبیس کی ویکسین لگائی گئی ہے اور اس ویکسین کے مزید ڈوز زخمی بھیڑوں کو لگانا ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر شابن باس میں سڑک سے نیچے کی بستی میں آوارہ کتوں کی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں اور پچھلے مہینے بھی کھیتوں میں کھیل رہے چھوٹے بچے ان کتوں کے حملے میں بال بال بچائے گئے تھے۔ انہوں نے میونسپل کمیٹی بانہال اور انتظامیہ سے ان کتوں کو یہاں سے پکڑ کر لیجانے اور انہیں دور کہیں چھوڑ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے سب ڈویڑنل مجسٹریٹ بانہال اور تحصیلدار بانہال سے معاوضہ کی اپیل کی ہے اور کتوں کی ہڑبونگ سے لوگوں کو نجات دلانے کی مانگ کی ہے۔