عظمیٰ نیوز سروس
جموں// جموں کشمیر پولیس اور فوج کا ایک خاص رشتہ ہے کیونکہ وہ نہ صرف مل کر کام کرتے ہیں بلکہ ایک ساتھ پسینہ اور خون بہاتے ہیں۔ یہ بات شمالی کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف لیفٹیننٹ جنرل اپیندر دویدی نے کل جموں پولیس ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ اپنی الوداعی تقریب میں کہی۔ڈائریکٹر جنرل آف پولیس آر آر سوین کی میزبانی میں منعقدہ تقریب میں ہوم ڈیپارٹمنٹ جے اینڈ کے آر کے گوئل،لیفٹیننٹ جنرل نوین سچدیوا، ایس جے ایم گیلانی،آنند جین، میجر جنرل گورو رشی، میجر جنرل منیش گپتاکے علاوہ پولیس اور فوج کے افسران کی ایک کہکشاںموجود تھی۔لیفٹیننٹ جنرل اپیندر دویدی نے اس موقع پر پولیس اور فوج کے درمیان خصوصی تعلق کا حوالہ دیا اور کہا کہ دونوں اداروں کے درمیان غیر متزلزل اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب آپ کے پاس ‘اعتماد’ ہو تو ہر معاملہ طے پا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں کے درمیان تعاون کی وجہ سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں بڑی کامیابیاں ملی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ 40 سال سے فوج میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور اس عرصے کے دوران انہیں ملک بھر میں مختلف پولیس فورسز کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا اور جموں و کشمیر پولیس اور فوج کے درمیان یہ ہم آہنگی بے مثال ہے۔جیسا کہ لیفٹیننٹ جنرل اپیندر دویدی وائس چیف آف آرمی اسٹاف کے طور پر اپنے نئے کردار کی طرف بڑھ رہے ہیں، انہوں نے مستقبل میں جموں و کشمیر پولیس کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا یقین دلایا۔ آر کے گوئل نے اپنے خطاب میں سبکدوش ہونے والے لیفٹیننٹ جنرل کو ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل دویدی کے دور میں سول ملٹری تعلقات بہترین رہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی کا جموں و کشمیر میں اپنے دور میں تعاون اور حمایت کے لیے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جموں و کشمیر پولیس اور فوج کے درمیان جو ہم آہنگی اور تعاون موجود ہے وہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنا تعاون برقرار رکھیں گے اور خطے اور اس کے لوگوں کی بہتری کے لیے کام کریں گے۔