عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں//لیفٹیننٹ گورنرمنو ج سِنہا نے آج کے کے ہکوہاکی سٹیڈیم میں 72ویں آل اِنڈیا پولیس ہاکی (مرد و زن) چمپئن شپ کی اِختتامی تقریب میں شرکت کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر پولیس اور تمام شریک ٹیموں کو مُبارک باد دی۔ اِس موقعہ پر اُنہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں کو بھی مُبارک باد دی۔
اُنہوں نے اَپنے خطاب میں معاشرے اورقوم کے لئے پولیس اور سیکورٹی اہلکاروں کے اہم تعاون کی ستائش کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،”مجھے پولیس اور سیکورٹی فورسز پر فخر ہے۔ میں ملک کی سا لمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے لئے ان کی شاندار بہادری اور بے لوث قربانی کو سلام پیش کرتا ہوں۔“
اُنہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کو بے خوف ہونے کی ترغیب دیتے ہیں۔ کھیل نوجوانوں کو نئے سنگ میل حاصل کرنے کا چیلنج دیتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ کھیلوں میں لوگوں، معاشرے اور قوموں کو متحد کرنے کی طاقت ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے کہا کہ مختلف ریاستوں اوریوٹیز کے زائد اَز 700 کھلاڑیوں کی شرکت اور اس ٹورنامنٹ میں ناری شکتی کا زبردست مظاہرہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ زیادہ عزم، ٹیم ورک اور اتحاد کے ساتھ ہم کسی بھی چیلنج پر قابو پا سکتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ کھیل زندگی میں مسلسل چیلنجز پیدا کرتے ہیں تاکہ قوم کی تعمیر کے ہمارے سفر میں جمود نہ ہو بلکہ متحرکیت اور ہر لمحے کچھ نیا پیدا ہوتا ہے جو قوم کو مضبوط بناتا ہے۔
اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے ہاکی کے لیجنڈ میجر دھیان چند کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اُنہوں نے ناقابل یقین انتظامات اور تمام کھلاڑیوں کی شاندار پرفارمنس کو بھی سراہا۔
ٹورنامنٹ میں کل 25 مرد اور 9 خواتین ٹیموں نے حصہ لیا۔
اِس سے قبل لیفٹیننٹ گورنر نے مختلف ٹیموں کے کھلاڑیوں کے شاندار مارچ پاسٹ کا معائینہ کیا اور سلامی لی۔ لیفٹیننٹ گورنرنے ٹورنامنٹ کا سووینئر بھی جاری کیا۔
اِس موقعہ پرلیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر ، ڈی جی پی آر آر سوائن، ایڈیشنل ڈائریکٹر آئی بی ڈاکٹر مہیش ڈکشت، اے ڈی جی پی لا¿ اینڈ آرڈر وجے کمار،اے ڈی جی پی جموں آنند جین ، صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار، پولیس، سیکورٹی فورسز اور یو ٹی اِنتظامیہ کے سینئر افسران، کھیلوں کی سرکردہ شخصیات، کھیلوں اور ہاکی کے شائقین موجود تھے۔