یواین آئی
نئی دہلی // راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکڑ نے کہا ہے کہ جمہوریت کے اس مندر کو بات چیت، بحث و مباحثے کا پلیٹ فارم بنا کر اس کے وقار کو برقرار رکھنے کی کوشش کی گئی ہے۔ دھنکڑ نے جمعرات کو راجیہ سبھا میں سبکدوش ہونے والے اراکین کے الوداعی پروگرام میں کہا کہ یہ ہم سب کے لیے ایک جذباتی موقع ہے۔ ایوان کے 68 ساتھیوں کو الوداع کیا جا رہا ہے۔ یہ اراکین اپنی مدت پوری ہونے کے بعد فروری اور مئی کے درمیان ریٹائر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ریٹائر ہونے والے اراکین بھی ہندوستان اور ہر ہندوستانی کے مفاد کو آگے بڑھانے میں کی گئی اپنی کوششوں کے لئے گہرے اطمینان کے ساتھ رخصت ہوں گے۔چیئرمین نے کہا کہ پارلیمنٹ کا یہ مقدس ایوان جمہوریت کا مندر ہے۔ اس ایوان کے پلیٹ فارم سے اپنے مادر وطن کی خدمت کرنے کے قابل ہونا ایک الگ اعزاز اور قابل افتخار بات ہے۔ یہ ایوان ہماری متحرک جمہوریت کے مشترکہ خیالات کے تنوع کی نمائندگی کرتا ہے، لیکن یہ ہمارے مقصد کے اتحاد کی بھی عکاسی کرتا ہے۔