عظمیٰ نیوز سروس
جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کل کلسٹر یونیورسٹی جموں کے ایک نئے کیمپس کا سنگ بنیاد رکھا۔اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے کلسٹر یونیورسٹی کے متعلقہ کالجوں کے وائس چانسلر، ایچ او ڈیز، فیکلٹی ممبران اور طلباء کو مبارکباد دی۔انہوں نے معاشرے اور قوم کی بڑھتی ہوئی امنگوں کو پورا کرنے میں یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں کے نمایاں کردار پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں، ادارے اور معیاری تعلیم تک رسائی متعلقہ شعبوں میں قابل قدر تعاون کر رہی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے گزشتہ چند برسوںمیں جموں و کشمیر میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں متعارف کرائی گئی۔ایل جی نے کہا کہ جموں کشمیر کا مرکزی علاقہ تعلیم کے شعبے میں غیر معمولی توسیع کا مشاہدہ کر رہا ہے، جس کے نتیجے میں ترقی کی اہم ضرورت کو پورا کیا جا رہا ہے، انسانی سرمایہ میں اضافہ ہو رہا ہے اور قوم کی تعمیر کے وسیع تر وژن کو تقویت مل رہی ہے۔انہوں نے کلسٹر یونیورسٹی کے تحت کالجوں کو مواقع سے فائدہ اٹھانے اور مارکیٹ کے لیے ہنر مند افرادی قوت کو بہتر بنانے پر زور دیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کلسٹر یونیورسٹی جموں کے وائس چانسلر پروفیسر بچن لال کو بھی کامیابی کے ساتھ وی سی کے طور پر اپنی میعاد مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور ان کی اچھی صحت اور مستقبل میں تمام کامیابیوں کی خواہش کی۔اس موقعہ پر پرنسپل سیکریٹری ہائر ایجوکیشن،صوبائی کمشنر جموں، سینئر افسران، ایسوسی ایٹڈ کالجوں کے پرنسپل، شعبہ جات کے سربراہان اور کلسٹر یونیورسٹی جموں کے فیکلٹی ممبران موجود تھے۔