گدی برہمن، کولی اور پاڈری طبقے بھی ایس ٹی فہرست میں شامل، والمیکی طبقے کو شیڈولڈ کاسٹ درجہ دینے کا بل بھی منظور
نئی دہلی// ایک اہم پیش رفت میں لوک سبھا نے منگل کو آئین (جموں و کشمیر) شیڈولڈ ٹرائب آرڈر(ترمیمی)بل، 2023 کو پاس کیا تاکہ جموں و کشمیر میں پہاڑی نسلی گروپ اور دیگر طبقوں کو شیڈول ٹرائب کا درجہ دیا جائے۔ لوک سبھا نے شیڈول کاسٹس آرڈر (ترمیمی)بل، 2023 بھی منظور کیا جس میں والمیکی برادری کو جموں و کشمیر کی درج فہرست ذات کی فہرست میں شامل کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ایس ٹی بل میں گدی برہمن، کولی اور پاڈری برادریوں کو بھی جموں و کشمیر کی ایس ٹی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ دونوں بلوں کی منظوری کے فوراً بعد ایوان کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کر دی گئی۔بلوں کو اب راجیہ سبھا میں غور اور منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ یہ بل لوک سبھا میں پیش کیے جانے کے تقریباً سات ماہ بعد منظور ہوئے۔ یہ بل گزشتہ سال 26 جولائی کو لوک سبھا میں پیش کیے گئے تھے۔پہاڑی نسلی گروپ کو ایس ٹی کا درجہ دینے کا اعلان مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اکتوبر 2022 میں بارہمولہ اور راجوری میں عوامی ریلیوں کے دوران کیا تھا۔ایس ٹی کا درجہ ملنے سے پہاڑی جموں و کشمیر میں ایس ٹی زمرے کے لیے دستیاب تمام فوائد کے اہل ہو جائیں گے۔ پہاڑی جموں و کشمیر کے نوشہرہ، کالاکوٹ،سندربنی، راجوری، تھنہ منڈی، سرنکوٹ، پونچھ،حویلی، مینڈھر، اوڑی اور کرناہ اسمبلی حلقوں میں اکثریت میں ہیں۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ پہاڑی تین دہائیوں سے زیادہ عرصے سے اپنے شیڈول ٹرائب زمرے میں شامل کرنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
وزارت داخلہ کا بیان
وزارت داخلہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تاریخی بل کا مقصد (i) پہاڑی نسلی گروپ (ii)پاڈری قبائل (iii)کولی اور (iv)گدی برہمن کوشیڈول ٹرائب کا درجہ دے کر بااختیار بنانا ہے۔یہ ان طبقوں کا دیرینہ مطالبہ تھا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر میں درج فہرست قبائل کی فہرست میں ان طبقوں کو شامل کرنے سے موجودہ درج فہرست قبائلی برادریوں جیسے گوجر اور بکروال کو دستیاب ریزرویشن کی موجودہ سطح پر قطعی طور پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ انہیں پہلے کی طرح ریزرویشن ملتا رہے گا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ نئے درج فہرست قبائل کو ریزرویشن اس طرح فراہم کیا جائے گا کہ اس سے ان طبقوں کو کوئی نقصان نہ پہنچے جو پہلے سے درج فہرست قبائل کے طور پر درج ہیں۔ پارلیمنٹ سے بل منظور ہونے کے بعد، جموں و کشمیر کی حکومت ریزرویشن پر ضروری نوٹیفیکیشن جاری کرے گی، جو اس بات کو یقینی بنائے گی کہ درج فہرست قبائل کی موجودہ فہرست میں شامل لوگوں کو اسی سطح کا ریزرویشن ملتا رہے۔بیان کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت سب کا ساتھ، سب کا وشواس کے منتر کے ساتھ سماج کے ہر طبقے اور برادری کی شمولیتی ترقی کے لیے پرعزم ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ مودی حکومت اس طرح کے ایکٹ کے ذریعے جموں و کشمیر میں ترقی پسند اور مثبت تبدیلیاں لانے کے لیے پرعزم ہے۔