عظمیٰ ویب ڈیسک
سانبہ// ضلع سانبہ میں ایک اوور لوڈ منی بس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پیر کو پولیس نے بس آپریٹر کے خلاف مقدمہ درج کیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ گاڑی کو ضبط کر لیا گیا ہے اور سانبہ ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کے حکام نے منی بس کے مالک کو نوٹس جاری کیا ہے۔ گاڑی کے روٹ پرمٹ اور متعلقہ ڈرائیور کا ڈرائیونگ لائسنس معطل کر دیا گیا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ پیر کو اس وقت پیش آیا جب مقررہ مقدار سے زیادہ سواریوں سے لدی بس وجے پور-رام گڑھ روڈ پر چل رہی تھی۔
پولیس نے کہا، “ایک انتہائی تشویشناک واقعے میں جس نے عوام کی توجہ حاصل کی، ایک وائرل ویڈیو میں وجئے پور-رام گڑھ روڈ پر ایک اوور لوڈ منی بس کو چلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ چونکا دینے والی بات یہ ہے کہ طلباءگاڑی کی پچھلی سیڑھیوں پر لٹکتے ہوئے پائے گئے ہیں، منی بس کے اندر بھی سواریاں اوور لوڈ ہیں”۔
انہوں نے کہا کہ خلاف ورزی کو نوٹ کرتے ہوئے، موٹر وہیکل ڈپارٹمنٹ، سانبہ نے منی بس کے آپریٹر کے خلاف اوور لوڈنگ اور طلباءکی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے پر ایف آئی آر درج کرائی۔
عہدیداروں نے بتایا کہ یہ کیس رام گڑھ پولیس تھانہ میں تعزیرات ہند کی متعلقہ دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے اور گاڑی کو ضبط کرلیا گیا ہے۔