محمد تسکین
بانہال // جموں سرینگر قومی شاہراہ پر واقع ججر کوٹلی اور ٹکری کے درمیان جموں سے پتنی ٹاپ کی طرف آرہی ایک پرائیویٹ کار کو پیچھے سے ایک تیز رفتار ٹرک نے زوردار ٹکر مری جس کے نتیجے میں کار میں سوار ایک ہی کنبے کے چار افراد لقمہ اجل بن گئے۔ مہلوکین میں میاں بیوی اور انکی دو بیٹیاں شامل ہیں۔ اس دلدوز حادثے میںانکی ایک بیٹی شدید زخمی ہوئی۔ادھر منوال پْل سے ٹرک نیچے گرا جس کے نتیجے میں ٹرک ڈرائیور اور ایک درجن مویشی ہلاک ہوئے۔ریاسی میں ایک دلدوز حادثہ کے دوران محکمہ صحت کے ملازم سمیت 2افراد کی موت واقع ہوئی۔
پہلاحادثہ کیسے ہوا؟
پانچ افراد خانہ پرمشتمل بدنصیب کنبہ پریڈ گرائونڈ جموں سے برفباری سے لطف اندوز ہونے کیلئے پتنی ٹاپ کی طرف آرہا ہے۔ پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یہ المناک حادثہ ہفتہ اور اتوار آدھی رات قریب ایک بجے اسوقت پیش آیا جب ایک سوئفٹ ڈیزائر کار جموں سے پتنی ٹاپ کی طرف آرہی تھی اور سلورہ ججر کوٹلی کے قریب پیچھے سے آرہے ایک تیز رفتار ٹرک نے اس کار کو زور دار ٹکر مار دی اور ٹکر کی شدت سے یہ کار مخالف سمت سے آرہے ایک اور ٹرک کے درمیان کچل کر رہ گئی۔ پولیس نے بتایا کہ سوئفٹ کار دو ٹرکوں کے درمیان کچلی گئی اور اس میں سوار نتین ڈوگرہ اور ان کے چار افراد خانہ شدید زخمی ہوگئے۔حادثے کے فوراً بعد ایمرجنسی سروسز پر تعینات پولیس ، مقامی لوگوں اور شاہراہ پر جا رہی دیگر گاڑیوں کے ڈرائیوروں نے بچائو کارروائی کی اور زخمیوں کو جی ایم سی ادہمپور منتقل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جی ایم سی ادہمپور میں موجود ڈاکٹروں نے 5 میں سے 4 کو مردہ قرار دیا جبکہ ایک زخمی کو جموں منتقل کیا گیا ۔ پولیس نے مرنے والوں کی شناخت 37 سالہ نتن ڈوگرہ ولد موہن لعل ڈوگرہ ، ان کی32 سالہ اہلیہ ریتو ڈوگرہ اور ان کی دو بیٹیاں 17سالہ خوشی ڈوگرہ اور 11سالہ وینی ڈوگرہ کے طور کی ہے اور مہلوکین کا تعلق پریڈ جموں سے بتایا جاتا ہے۔ قانونی لوازمات کے بعد لاشوں کو ہفتے کی دوپہر آخری رسومات کیلئے ورثا کے سپرد کیا گیا ۔ پولیس نے بتایا کہ اس حادثے میں مہلوک کنبے کی 15 سالہ زخمی بیٹی برندا ڈوگرہ کی حالت تشویشناک ہے۔حادثے کے بعد پیچھے سے ٹکر مار کر فرار ہونے والے ٹرک ڈرائیورکو گرفتار کرنے کیلئے پولیس کی کارروائی جاری ہے۔ادھر ضلع ادہمپور میں ہی منوال کے علاقے میں صبح پانچ بجے مویشیوں سے لدھا ایک ٹرک ساونو گائوں میں ایک پل سے گر کر حادثے کا شکار ہوا ۔ حادثے میں نامعلوم ٹرک ڈرائیور کی موت ہوگئی جبکہ ٹرک میں لدھے ایک درجن سے زائد مویشی بھی ہلاک ہو گئے ۔
ریاسی /بمنہ
ضلع ریاسی کے مہور علاقے میں اتوار کو ایک سڑک حادثہ میں دو افراد کی موت ہوگئی۔پولیس نے بتایا کہ ایک گاڑی ہائیر سیکنڈری سکول بٹھوئی کے قریب کھائی میں جا گر ی۔واقعے میں دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جن کی شناخت اعجاز احمد ولد نظام دین اور محمد آصف ولد محمد دین ساکنان پھڑی مہور کے نام سے ہوئی ہے۔ان میں سے ایک محکمہ صحت کا ملازم تھا۔ ادھر سرینگر کے بمنہ علاقے میں ایک گاڑی حادثہ کی شکار ہوئی ۔ رات دیر ایک سوئفٹ کار ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوئی ایک ڈیوائیڈر سے ٹکرا ئی۔اس حادثے میں کار میں سوارچار مسافر زخمی اور ایک کی موت ہو گئی۔ مرنے والے کی شناخت 12سال کے محمد عدیب ساکن بابا ڈیم سرینگر کے بطور ہوئی جبکہ ز خمیوںمیں مومن احمد ساکن پانپور، ہاشم نذیر، زاہد ظہور اور عنایت ساکنان چھتہ بل سرینگر شامل ہیں۔
ایل جی کی ہلاکتوں پر تعزیت
عظمیٰ نیوز سروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ادھم پور میں المناک سڑک حادثے میں ہلاکتوں پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا”ادھم پور میں ایک سڑک حادثے میں جانوں کے ضیاع کے بارے میں جان کر گہرا دکھ ہوا ہے۔ اس المناک گھڑی میں میرے خیالات سوگوار خاندان کے ساتھ ہیں۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔ ضلعی انتظامیہ متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے۔” ۔