عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//دولت مشترکہ کے اٹارنی جنرل اور ایڈوکیٹ جنرلز کی کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا’’اگر ممالک ایک دوسرے کے عدالتی نظام کو بہتر طور پر سمجھیں گے تو ان میں ربط ضبط بڑھے گا‘‘۔ مودی نے عدالتی عمل میں ملک کے درمیان تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات ایک ملک میں انصاف کو یقینی بنانے کیلئے دوسرے ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔انہوںنے دارالحکومت میں منعقدہ دولت مشترکہ ممالک کے اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرلز کی کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا،’’جب ہم تعاون کرتے ہیں تو ہم ایک دوسرے کے نظام کو بہتر طور پر سمجھ سکتے ہیں۔ اگر ممالک ایک دوسرے کے عدالتی نظام کو بہتر طور پر سمجھیں گے تو اس میں ربط و ضبط بڑھے گا۔ تال میل سے انصاف کرنے کاعمل بہتر اور تیزہوتا ہے ‘‘۔یہ کانفرنس کامن ویلتھ لیگل ایجوکیشن اسوسی ایشن کے زیراہتمام منعقد کی گئی ہے۔ کانفرنس کا موضوع ’انصاف کی فراہمی میں سرحد پر چیلنجز‘ تھا۔ اس کانفرنس میں قانون اور انصاف سے متعلق اہم امور جیسے عدالتی منتقلی(ٹرانزیشن ) اور قانونی عمل کی اخلاقی جہتیں، ایگزیکٹیو احتساب اور جدید دور کی قانونی تعلیم پر نظرثانی وغیرہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کانفرنس میں مختلف بین الاقوامی مندوبین کے ساتھ ساتھ ایشیا پیسفک، افریقہ اور کیریبین تک پھیلے ہوئے دولت مشترکہ کے ممالک کے اٹارینی جنرلز اور سالیسٹرز شامل ہوئے۔ اس کے علاوہ کئی بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں نے کانفرنس میں شرکت کی۔یہ کانفرنس دولت مشترکہ کی قانونی برادری کے مختلف شراکت داروں کے درمیان بات چیت کیلئے ایک فورم فراہم کرتی ہے اور ایک منفرد پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتی ہے۔ اس میں اٹارنی اور سالیسٹر جنرل کیلئے تیار کردہ ایک خصوصی گول میز کانفرنس بھی شامل ہے جس کا مقصد قانونی تعلیم اور بین الاقوامی انصاف کی فراہمی میں درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے ایک جامع روڈ میپ تیار کرنا ہے۔
’ملک کے ہر غریب کنبہ کے پاس مستقل گھر ہوگا‘
یواین آئی
سمبل پور(اوڈیشہ)//وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو کہا کہ حال ہی میں پیش کردہ مرکزی بجٹ میں ملک کے تمام طبقات بالخصوص غریب لوگوں کی ترقی کی ضمانت دی گئی ہے مغربی اوڈیشہ کے سمبل پور کے مضافات میں ریمیڈ گراؤنڈ میں ‘گارنٹی سمادھان’ نامی ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے کہا، ‘مودی کی گارنٹی کا مطلب ہے ، تکمیل کی گارنٹی۔ ’’مودی کی گارنٹی اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ملک کے ہر غریب کنبہ کے پاس مستقل گھر ہو‘‘۔انہوں نے کہا کہ ملک میں چار کروڑ سے زیادہ غریب کنبوں کو مستقل گھر فراہم کیے گئے ہیں اور مرکزی حکومت نے بجٹ میں غریبوں کے لیے مزید دو کروڑ مستقل مکانات بنانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لئے دن رات کام کر رہی ہے کہ ملک کے ہر غریب کنبہ کے پاس مستقل گھر ہو۔وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی حکومت کی ترجیح غریبوں اور کسانوں کی آمدنی میں اضافہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں پارلیمنٹ میں پیش کردہ عبوری بجٹ کا مقصد غریبوں، خواتین، نوجوانوں اور دیگر کو بااختیار بنانا ہے۔ وزیراعظم مودی نے کہا، ’’یہ بجٹ سب کی ترقی کی ضمانت دیتا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم کسان سمان ندھی کے تحت اوڈیشہ کے تقریباً 40 لاکھ کسانوں کو براہ راست فائدہ ملا ہے۔ حکومت نے ہر کسان کے کھاتے میں 30,000 روپے منتقل کیے ہیں اور کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) میں اضافہ کو یقینی بنایا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ 2014 سے پہلے کانگریس حکومت نے ریاست میں کسانوں سے 36000 کروڑ روپے کا دھان خریدا تھا، لیکن بی جے پی حکومت کے آخری دس برسوں کے دوران کسانوں کو ایم ایس پی کے طور پر 1۔10 لاکھ کروڑ روپے ملے ہیں۔