عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// وسطی کشمیر سرینگر ضلع کے بمنہ علاقے میں اتوار کو پیش آئے ایک سڑک حادثے میں ایک شخص کی موت ہو گئی ہے جبکہ چار دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ایک سوئفٹ کار بمنہ چوک میں سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں کار میں سوار پانچوں افراد زخمی ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ ان میں سے تین کو جے وی سی ہسپتال بمنہ منتقل کیا گیا جہاں ان میں سے ایک کو مردہ قرار دے دیا گیا اور باقی کو ایس ایم ایچ ایس ہسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ تین زخمیوں کو ایس ایم ایچ ایس ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جن کی شناخت عنایت ولد ہلال احمد شانگلو ساکن چھتہ بل سرینگر، زاہد ظہور ولد ظہور احمد وانی اور ہاشم نذیر ولد نذیر احمد کھانڈے کے طور پر ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بمنہ چوک سے جے وی سی ہسپتال بمنہ لائے گئے زخمیوں کی شناخت مومن احمد مندور ولد مفید احمد مندور ساکنہ پامپور کدلبل کے طور پر ہوئی ہے۔ سکمز صورہ منتقل کئے گئے زخمی کی شناخت فیاض نذیر کھانڈے ولد نذیر احمد ساکن چھتہ بل پانپور کے طور پر ہوئی ہے۔
حادثے میں عیاد بلال شانگلو ولد بلال احمد سکنہ باباڈیم کی جان چلی گئی ہے۔
ادھر، پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کر لیا ہے۔