عظمیٰ نیوز سروس
جموں //اشوک کول جنرل سکریٹری (تنظیم)، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)، جموں و کشمیر نے پارٹی ہیڈکوارٹر، تریکوٹہ نگرمیں جموں صوبے سے پارٹی کے کل وقتی کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سبھی کارکن لوک سبھا انتخابات کیلئے تیار رہیں جبکہ سماج کے مختلف طبقات تک پارٹی کی رسائی کو تقویت دینے کیلئے عملی بنیادوں پر کام کیا جائے ۔اشوک کول نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے کارکنوں سے کہا کہ وہ آئندہ لوک سبھا انتخابات کے لئے پورے یو ٹی بھر کے لوگوں تک پہنچ جائیں۔کول نے دور دراز علاقوں میں بھی زمینی سطح پر پارٹی سرگرمیوں کو انجام دینے کے لئے پارٹی کے مستقل کارکنوں کی تعریف کی ۔انہوں نے پارٹی کے کل وقتی کارکنوں سے کہا کہ وہ مخصوص علاقوں کی نشاندہی کریں اور خاص طور پر توجہ مرکوز کریں۔ انہوں نے پارلیمانی انتخابات سے پہلے آنے والے ہفتوں میں نچلی سطح پر نیٹ ورک کو مضبوط کرنے پر زور دیا کیونکہ تنظیمی کام اور مضبوطی کے لئے ان کا کردار ہمیشہ اہم رہا ہے۔ انہوں نے ان سے بوتھ سطح کے کارکنوں کو متحرک کرکے سماج کے مختلف طبقات تک پارٹی کی رسائی کو تقویت دینے کو بھی کہا۔اشوک کول نے مزید کہا کہ وہ وسیع پیمانے پر دورہ کریں اور ہر بوتھ لیول ورکر تک پہنچیں اور قریب آنے والے پارلیمانی انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں زمینی کام میں مشغول کریں۔پریا سیٹھی نے کہا کہ وہ غریبوں اور ضرورت مندوں کی فلاح و بہبود کے لئے مودی حکومت کی مختلف اسکیموں سے عام لوگوں کو آگاہ کریں۔