عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر جاوید احمد ٹینگا نے جموں میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کے دوران گزشتہ ملاقاتوں میں اٹھائے گئے امور کی پیروی کی۔ملاقات کے دوران ٹینگا کیساتھ سینئر نائب صدر اسحاق حسین شنگلو اور خزانچی زبیر مہاجن بھی موجود تھے۔کے سی سی آئی بیان کے مطابق ایل جی کیساتھ میٹنگ کے دوران سنگل ونڈو سسٹم کے تحت ہوٹلوں، ریستوران اورہاؤس بوٹوں کی لائسنسوں کی تجدیدکو آسان بنانے کی بات کی گئی جس کیلئے متعدد محکموں سے این او سی حاصل کرنے کے عمل میں مہینوں اور سال لگتے ہیں جبکہ پہلگام، گلمرگ، سونمرگ، ایل سی ایم اے اور دیگر علاقوں میں ہوٹلوں کی مرمت، تزئین و آرائش اور تعمیر نو کی اجازت پر بھی بات چیت کی گئی۔چیمبر نے صنعتوں کیلئے پالیسیوں کا صحیح معنوں میں نفاذاور مقامی طور پر تیار کی جانے والی اشیا کیلئے کوٹہ مختص کرنے کی ضرورت کا مطالبہ کیاگیا۔وفد نے صنعتوں کی ترقی اور کاروبار کرنے میں آسانی کیلئے سنگل ونڈو سسٹم کو لاگو کرنے کی ضرورت پر زور دیا جوجموں و کشمیر میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری کے مسئلے کو حل کرنے میں بہت اہم ثابت ہوگا۔