محمد تسکین
بانہال // بانہال ، کھڑی ، مہو منگت ، رامسو ، نیل ، اکھڑال پوگل ، پرستان ، سینابتی ، کنڈہ ، بٹوٹ ، پٹنی ٹاپ، سناسر ،نتھا ٹاپ ،گول اور سنگلدان کے علاقوں میں پانچ انچ سے ڈیڑھ فٹ تک ہوئی برفباری ہوئی ہے اور برفباری اور بارشوں کیوجہ سے جہاں عام لوگ اور زمیندار خوش ہیں وہیں برف سے ڈھکے بیشتر علاقوں میں معمول کی زندگی متاثر ہو کر رہ گئی ہے۔ برفباری کیوجہ سے پوگل سینا بنتی ، نیل ، کھڑی ، مہو منگت ، چنجلو اور ترگام سمیت کئی مقامی رابطہ سڑکیں جمعہ کی شام تک منقطع تھیں اور ان سڑکوں سے برف صاف کرنے کیلئے تعمیراتی محکموں کی مشینری کو بھیجا نہیں گیا ہے جبکہ کئی علاقوں میں رابطہ سڑکوں سے برف کو صاف کیا گیا ہے۔ برفباری سے ضلع رامبن کے درجنوں دیہات میں بجلی کی سپلائی بھی بدھ کی رات سے منقطع ہے جن میں نیل ، پوگل پرستان ، اہمہ ، دردہی ، ڈگڈول ، گام ، احدواہ ، راجگڑھ ، کبھی ، گاڑھی ، کمیت ، گنوت اور سلدار کے علاقے شامل ہیں۔ محکمہ بجلی کے ایک افسر نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ برفباری سے ڈھکے علاقوں میں بجلی سپلائی کو بحال کرنے کیلئے بحالی کا کام جمعہ صبح سے ہی شرعو کیا گیا ہے اور امید ہے کہ جمعہ شام تک بانہال ، رامسو ، رامبن اور گول سب ڈویڑن کے بیشتر علاقوں میں بجلی بحال کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔