عظمیٰ نیوز سروس
جموں// اَیڈیشنل چیف سیکرٹری فارسٹ دھیرج گپتا نے رام سر سائٹ، سرنسر جھیل میں عالمی آبی لینڈ ڈے کی تقریبات کی صدارت کی۔ تقریب کا آغاز سینٹرل یونیورسٹی جموں، انسٹی ٹیوٹ آف ماؤنٹین انوائرمنٹ بھدرواہ کیمپس اور وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے لگائے گئے سٹالوں کے دورے سے ہوا۔ اِس نمائش میں جموں و کشمیر یو ٹی کے ویٹ لینڈ تنوع اور انسانی فلاح و بہبود میں ویٹ لینڈز کے اہم کردار کو دکھایا گیا۔ اِس کے علاوہ ویٹ لینڈزکے مائیگرنٹ پرندوں کی تصاویر او رمحکمہ کی جانب سے مردم شماری ، سروے ، بچائواور جنگلی حیات کے اِنتظام میں اِستعمال کئے جانے والے جدید آلات کی تصاویر بھی نمائش کے لئے رکھی گئی تھیں۔ تقریب میں این جی اوز، پی آر آئی ممبران، محکمہ جاتی افسران، بزرگ شہریوں، فیکلٹی اور تعلیمی اِداروں کے تقریباً 250 طلبأ نے حلف لیا۔دھیرج گپتا نے تمام متعلقہ شراکت داروں بشمول پی آر آئیز، ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹیز، زراعت، صنعت و حرفت اور فارسٹ اور وائلڈ لائف محکموںکی مشاورت سے سرنسر۔مانسر ویٹ لینڈز کے لئے ماسٹر پلان کی تیاری پر زور دیا۔اَیڈیشنل چیف سیکرٹری نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ سرنسر۔ مانسر وائلڈ لائف سینکچری اور ویٹ لینڈ کے تحفظ میں محکمہ وائلڈ لائف کی مدد کریں جو مقامی ماحولیات ، زراعت ، باغبانی ، سیاحت اور دیگر معاشی سرگرمیوں کے لئے اہم ہیں۔
اُنہوں نے ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے لئے درکار مختلف منظوریوں کے حوالے سے پی آر آئیز کے نمائندوں کے تحفظات سنے اور ترقیاتی اِداروں کو مشورہ دیا کہ وہ بروقت ریگولیٹری کلیئرنس کے لئے درخواست دیں۔چیف وائلڈ لائف وارڈن سرویش رائے نے شرکا کو محکمہ کی جانب سے سرنسر۔ مانسر سینکچری اور ویٹ لینڈ کے تحفظ کے لئے محکمہ کی مختلف سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ اِس میں مٹی کے بوجھ کو کم کرنے، جڑی بوٹیوں کو ہٹانے، ساحلی علاقے کی بہتری اور کچھوؤں کے لئے باسکنگ سائٹس کی ترقی کے اقدامات شامل ہیں۔ اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ اسی طرح کی تقریبات آج گھرانہ، ہوکرسر، شالہ بُگ، ہیگام اور وولر ویٹ لینڈز میں منعقد کی جا رہی ہیں۔ این جی او کے رکن نذیر بی نذیر اور ڈاکٹر نیرج شرما، پروفیسر، انسٹی ٹیوٹ آف ماؤنٹین انوائرنمنٹ، بھدرواہ کیمپس نے بھی ویٹ لینڈز کے تحفظ میں مختلف شر اکت داروں کی شمولیت کی ضرورت کے بارے میں بات کی۔تقریب میں روشن جگی، پی سی سی ایف اینڈ ایچ او ایف ایف ینتھل کمار، اے پی سی سی ایف رمیش کمار، سی سی ایف جموں ڈاکٹر ایم کے کمار، ریجنل وائلڈ لائف وارڈن جموں موہن داس، سی ایف ایسٹ وجے کمار، وائلڈ لائف وارڈن، کٹھوعہ، کسم سلاریہ، صدروومن ایرا ڈاکٹر ونیتا شرما، ڈاکٹر پنکج چندن، ڈائریکٹر این ڈی ایف، ریسرچ سکالروں، پی آر آئی ممبران، ممتاز شہری اور طلباء نے شرکت کی۔تقریب کا اِختتام دھیرج گپتا کے واکتھون کو ہری جھنڈی دِکھانے سے ہوا۔