یو این آئی
بھونیشور// وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ کو نیشنل تھرمل پاور کارپوریشن لمیٹڈ (این ٹی پی سی) درلی پالی سپر تھرمل پاور اسٹیشن اور این ایس پی سی ایل راورکیلا پی پی 2 توسیعی پروجیکٹ کو قوم کے نام وقف کریں گے اور این ٹی پی سی تالچر تھرمل پاور پروجیکٹ فیز 3 کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ دونوں پروجیکٹوں میں کل ملا کر 28,978 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی جارہی ہے ۔ این ٹی پی سی کے علاقائی ایگزیکٹو ڈائریکٹر (مشرقی علاقہ 1 اور 2) سدیپ ناگ نے یہاں نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ درلی پالی ایس ٹی پی پی سپر کریٹیکل ٹیکنالوجی کے ساتھ ایک پٹ ہیڈ سپر اسٹیشن ہے جو اوڈیشہ، بہار، مغربی بنگال، جھارکھنڈ، گجرات اور سکم جیسی استفادہ کنندہ ریاستوں کو کم قیمت میں بجلی فراہم کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ این ٹی پی سی۔سیل پاور کمپنی لمیٹڈ کا 250 میگاواٹ پاور پروجیکٹ، جو رورکیلا اسٹیل پلانٹ میں قائم کیا گیا ہے ، اسٹیل پلانٹ کو قابل اعتماد بجلی فراہم کرے گا جو اس کی اقتصادی ترقی کے لیے بہت ضروری ہے ۔ مسٹر ناگ نے کہا کہ این ٹی پی سی تالچر تھرمل پاور پروجیکٹ فیز 3 تیار کر رہا ہے جو تالچر میں پرانے ٹی ٹی پی ایس پلانٹ کے اندر ہے ۔ اس پلانٹ کو 1995 میں اوڈیشہ اسٹیٹ الیکٹرسٹی بورڈ سے این ٹی او سی نے لے لیا تھا۔ پرانے ٹی ٹی پی ایس پلانٹ کو 50 سال سے زائد ملک کی خدمت مکمل کرنے کے بعد بند کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ پلانٹ میں انتہائی موثر الٹرا سپر کریٹیکل ٹیکنالوجی پر مبنی یونٹس ہوں گے اور اس کی صلاحیت پرانے ٹی ٹی پی ایس پلانٹ سے تقریباً تین گنا زیادہ ہوگی۔ مسٹر ناگ نے کہا کہ اس پروجیکٹ کی بجلی کی صلاحیت کا 50 فیصد ریاست اوڈیشہ کو وقف کیا جائے گا، دیگر مستفید ریاستوں جیسے گجرات، تمل ناڈو اور آسام کو اس پٹ ہیڈ اسٹیشن سے کم قیمت والی بجلی ملے گی۔