غریبوں کے لئے کھوکھلے دعوے :کانگریس
یو این آئی
نئی دہلی// کانگریس نے بجٹ کو امیروں کے حق میں قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں بے روزگار نوجوانوں کے لیے کچھ نہیں ہے اور رنگین الفاظ میں صرف کھوکھلے دعوے کیے گئے ہیں۔پارٹی کے صدر ملک ارجن کھڑگے نے جمعرات کو کہا کہ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے بجٹ تقریر کے دوران کسانوں کے بارے میں بات کی، لیکن کسانوں کی ناخوشی کو دور کرنے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ وزیر خزانہ نے کسانوں بشمول کھیت مزدوروں کی خودکشی کی تعداد کا انکشاف نہیں کیا۔ پوری دنیا نے کسانوں کا غصہ دیکھا اور تین غیر منصفانہ زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کیا۔ وزیر خزانہ نے کسانوں کی حالت زار کی وجوہات بھی نہیں مانیں۔انہوں نے کہا، [؟]وزیر خزانہ نے مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) کے بارے میں بات کی لیکن فی کس آمدنی کے بارے میں کچھ نہیں کہا۔ انہوں نے 80 کروڑ لوگوں کو مفت اناج دینے کی بات کی لیکن انہوں نے گلوبل ہنگر انڈیکس میں ہندوستان کی درجہ بندی یا بچوں میں بڑھتی ہوئی غذائی قلت کی وجہ سے ترقی میں خلل اورکمزوری کے اعلی تناسب کے بارے میں بات نہیں کی۔ غریب اور متوسط طبقے کے لیے کوئی نئی اسکیمیں نہیں ہیں اور ان کی تکالیف کو کم کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی ہے ۔
مایوس کن اور امیروں کا بجٹ:اپوریشن
یو این آئی
نئی دہلی// اپوزیشن نے آئندہ مالی سال کے عبوری بجٹ کو مایوس کن اور امیروں کا بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں مہنگائی اور بے روزگاری کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے کچھ نہیں ہے ۔شرومنی اکالی دل (ایس اے ڈی) کی سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر ہرسمرت کور نے کہاکہ”ایک طرف یہ کہا جا رہا ہے کہ 25 کروڑ روپے سے لوگوں کو غربت کی لکیر سے باہر لایا گیا ہے اور دوسری طرف کہا جا رہا ہے کہ 80 کروڑ لوگوں کو مفت اناج دیا جا رہا ہے ۔
معیشت کو روشن مستقبل کی طرف لے جائیگا: نڈا
یو این آئی
نئی دہلی//بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر جگت پرکاش نڈا نے سال 2024-25 کے عبوری بجٹ کو ‘رام راجیہ کے وژن’ اور ترقی یافتہ و خود انحصار ہندوستان کی قرارداد کا بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بجٹ ہندوستانی معیشت کو روشن مستقبل کی طرف لے جائے گا۔مسٹرنڈا نے کہا، “یہ عبوری بجٹ غریبوں کی فلاح و بہبود اور ملک کی ترقی کے لیے وقف کردہ دوراندیشی پر مبنی بجٹ ہے ۔ اس بجٹ میں ماتر شکتی کا فلسفہ ہے ، تو رام راجیہ کا وژن بھی ہے ۔ اس بجٹ میں ترقی یافتہ ہندوستان کا عزم ہے ، تو خود انحصار ہندوستان کا مقصد بھی ہے ۔ اس عبوری بجٹ میں غریبوں کی فلاح و بہبود، کسانوں کی بہتری، ماتر شکتی کا احترام اور نوجوانوں کی مسکراہٹ شامل ہے ۔ مسٹر نڈا نے کہا، ”پچھلے 10 برسوں میں مسٹر مودی نے انتھک محنت سے تقریباً 25 کروڑ لوگوں کو غربت کی لکیر سے باہر نکالا ہے تو وہیں دوسری طرف، ہندوستان نے معیشت میں ترقی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ یہ بجٹ ترقی یافتہ ہندوستان کے ہدف کی بنیاد ہے ۔ ہم غربت ہٹانے کا نعرہ نہیں دیتے بلکہ غربت ہٹا کر دکھاتے ہیں۔ ہم صرف ترقی یافتہ اور ترقی کی بات نہیں کرتے بلکہ ترقی کو ہر گھر تک لے جانے پر یقین رکھتے ہیں۔