عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سچن کمار ویشیا جموں نے پیر کے روز تین مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (MIS) آپریٹرز کو فرائض میں مبینہ لاپرواہی کی وجہ سے برطرف کر دیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ برطرف ایم آئی ایس آپریٹرز بلاک اکھنور، متھواڑ اور نگروٹا سے ہیں۔ ایم آئی ایس آپریٹرز مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ (MGNREGA)مستفیدین کے ریکارڈ اور ڈیٹا کو برقرار رکھنے کے ذمہ دار ہیں۔
ضلع مجسٹریٹ نے ایم آئی ایس آپریٹرز اور دیگر متعلقہ افراد کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں ورنہ سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے ایم آئی ایس آپریٹرز کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ مقررہ مدت میں اپنی وضاحتیں پیش کریں۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ضلع انتظامیہ ضلع میں منریگا اور دیگر فلاحی سکیموں کے موثر نفاذ کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔