زاہد بشیر
گول//جہاں ایک طرف سے مرکزی سرکار محکمہ صحت کو مستحکم بنانے کا دعویٰ کر رہی ہے وہیں سب ڈویژن گول میں محکمہ صحت روبہ زوال ہے جسکی وجہ سے عام غریب لوگوں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ اس وقت محکمہ صحت کے پاس سب ڈسٹرکٹ ہسپتال گول میں کم از کم چار گاڑیاں ہونا لازمی ہے وہیں محکمہ کے پاس پورے ہیلتھ بلاک یعنی سب ڈویژن گول میں صرف تین گاڑیاں بناء تیل کی موجود ہیں ۔ اگر چہ محکمہ کے پاس تین گاڑیاں ہیں لیکن ان گاڑیوں کے تیل کے لئے محکمہ کے پاس رقم نہیں ہے پہلے سے ہی محکمہ 5لاکھ کے قرضے کے نیچے دبا ہوا ہے و ہیں کچھ گاڑیوں کو گریج میں رکھا گیا ہے جن کے لئے بھی محکمہ کے پاس کوئی رقم نہیں ہے کہ ان گاڑیوں کو ٹھیک کرایا جائے ۔ وہیں محکمہ کو گیس کے بھی پچاس ہزار سے زائد رقم قرضہ دینا ہے ۔ بی ایم او گول نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کے پاس اتنی رقم نہیں ہے کہ وہ جوگاڑیوں میں تیل جلایا گیا ہے اس کی رقم ادا کر سکے ۔ انہوں نے کہا کہ آج تک جو گاڑیوں کے تیل اور گیس کی رقم محکمہ کو دینی ہے وہ پانچ لاکھ روپے تیل کے اور پچاس ہزار روپے سے زائد رقم گیس کی ہے اور محکمہ کے پاس اس وقت کوئی رقم نہیں ہے کہ وہ دے سکے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں اعلیٰ حکام کو بھی مطلع کیا ہے اور جوں ہی رقم آئے گی ہم دیں گے ۔ وہیں اس دوران گول سب ڈویژن میں بیماروں کو آنے اور لے جانے میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ محکمہ کے پاس پورے سب ڈویژن میں صرف تین گاڑیاں ہیں جن میں ایک گول ، ایک سنگلدان اور ایک سرنڈا کی ہیں ۔ اگر چہ ایک گاری سنگلدا ن کی جموں گریج میں ہے جس کو ٹھیک کرنے کے لئے محکمہ کے پاس کوئی رقم نہیں ہے جس وجہ سے وہ گریج میں پڑی ہوئی ہے ۔ اس دوران جس طرح سے عام لوگوں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے وہ اس بات سے بخوبی معلوم ہورہا ہے کہ پورے سب ڈویژن میں محکمہ کے پاس تین گاڑیاں ہیں وہ کہاں کہاں جائیں گیں کیونکہ یہ سب ڈویژن دور دراز پہاڑی دشوار گزار علاقوں پر مشتمل ہے ۔ بی ایم او گول ڈاکٹر اشفاق نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اگر کوئی ایسا کیس ہو وہ لوگ اپنی گاڑی یعنی نجی گاڑی ہسپتال تک لائیں ہم اُن کو وہ رقم ادا کریں گے جو گاڑی والا لے گا ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ محکمہ صحت سب ڈویژن گول میں دن بدن ذوال پذیر ہو رہا ہے اس کو بچانے کے لئے یہاں کے سیاسی و سماجی لیڈران کو آگے آنا چاہئے تا کہ اتنے بڑے ادارے میںجوشعبہ جات میں اہم مانا جاتا ہے تباہ ہونے سے بچایا جا سکے ۔