اشرف چراغ
کپوارہ//شمالی ضلع کپوارہ کے زرعی شعبے میں محمد رمضان ساکن برمری درگمولہ روایتی سبزیوں کے بجائے ضلع میں نامیاتی یعنی آرگینک طریقے سے کاشت کرنے کے طریقے کار کو فرو غ دے رہا ہے جس کی بنیاد پر یہ بزرگ شہری کسانو ں کیلئے ایک مثال بن چکا ہے ۔مذخورہ شہری نے اب تک محکمہ زراعت کی جانب سے کئی اعزاز حاصل کرلئے ہیں اور پورے ضلع میں ان کی سبزیوں کی مانگ بڑھ گئی ہے ۔محمد رمضان اب ایسا کسان بن گیا ہے جس نے محکمہ زراعت کے اعلیٰ افسران کے دل جیت لئے ہیں ۔محکمہ کی جانب سے محمد رمضان کو با ضابطہ ایک گرین ہائو س مل گیا ۔ انہو ں نے اپنے ہی مکان کے ساتھ اس کو نصب کیا ہے اور وہا ں سبزیو ں کی ایک اچھی خاصی نرسری تیار کررہاہے۔محمد رمضان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ وہ کئی سالو ں سے سبزیا ںاگا کر پورے ضلع میں فروخت کرتا اور اپنا رو ز گار کماتا ہے ۔انہو ں نے کہا کہ کچن گارڈن کیلئے سردیو ں اور موسم بہار میں مختلف قسم کی سبزیا ں ان کے پاس دستیاب ہوتی ہیں ۔انہو ں نے مزید کہا کہ ان میں کچھ سبزیا ں براہ راست بیج سے پیدا ہوتی ہیں جن میں ٹماٹر ،بند گوبھی ،پھول گوبھی ،بینگن اور دیگر سبزہاں شامل ہیں ۔محمد رمضان کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ کئی برسو ں سے اپنی اراضی پر مختلف قسمو ں کی سبزیا ں اگا کر اپنے عیال کو اچھی طرح پال رہا ہے اور کئی لوگو ں کو بھی روزگار ملتا ہے۔انہوں نے کہا’’ میں اپنے بچوں کو تعلیم فراہم کرنے اور ان کی دیگر ضروریات بھی اسی کام سے پورا کرتا ہوں‘‘ ۔انہو ں نے کہا ’’ ہمیں روزگار کی تلاش کیلئے در در کی ٹھوکریں کھانے کی کوئی ضرورت نہیں بلکہ سنجیدگی اور محنت سے کام کرکے ہم دوسرو ں کو بھی روز گار فراہم کرسکتے ہیں‘‘ ۔محمد رمضان نے کہا کہ’’ ہم جو سبزیاں اگاتے ہیں وہ معیاری اور ذائقہ دار ہوتی ہیں اور اب ان کی مانگ بھی بڑھ گئی ہے‘‘ ۔انہوں نے کہا’’ اگر حکومت ہماری بھر پور مدد کرے گی تو یہ شعبہ مزید مستحکم ہو سکتا ہے‘‘ ۔محمد رمضان نے ضلع کے دیگر کسانو ں کو بھی مشور دیا کہ وہ اپنی زرعی اراضی پر سبزیاں کاشت کر یں تاکہ ان کی آمدنی میں اضافہ ہو ۔انہو ں نے کہا کہ سبزیا ں اگانے کے لئے جگہ کا انتخاب کرتے ہوئے اس بات کا خیال رکھا جائے کہ زمین ہموار اور آ بپاشی کے نزدیک ہواور نکاسی کیلئے بھی انتظام ہونا چاہئے ۔محمد رمضان کا کہنا ہے کہ اب انہوں نے سبزیوں کو اگانا بند کیا اور اب موسم بہار کی تیاری کے لئے پھولوں کی نرسری تیار کی ہے تاکہ اپنی آمدنی میں مزید اضافہ کی جائے۔چیف ایگرکلچر آفیسر کپوارہ گوردیب سنگھ نے اس سلسلے میں کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ محکمہ زراعت کے پاس کسانو ں کی آمدنی کیلئے بہت ساری اسکیمیں ہیں اور کسانو ں کو اس کے لئے آگے آ نا چاہئے ۔انہو ں نے کہا کہ محمد رمضان نامی یہ کسان اپنا روز گار بہتر بنانے کیلئے وقت وقت پر ان سے مشورہ لیتا ہے اور محکمہ نے بھی انہیں بہترین کسان کے طور اعزاز سے نوازاہے ۔