یو این آئی
سرینگر//سرینگر میں آگ کی تین الگ الگ وارداتوں میں دو رہائشی مکانات اور ایک شیڈ خاکستر ہوا ہے۔فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا۔اطلاعات کے مطابق گھاٹ نمبر دو بچھواڑہ ڈلگیٹ میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب چار منزلہ رہائشی مکان سے آگ کے شعلے بلند ہوئے۔معلوم ہوا ہے کہ مقامی لوگوں اور فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں گر چہ آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں چار منزلہ رہائشی مکان خاکستر ہوا ۔ادھر سرینگر کے باغات علاقے میں اتوار کی صبح دس بجے کے قریب ایک رہائشی مکان سے آگ نمودار ہونے کی اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کے اہلکار جائے موقع پر پہنچے۔فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ انتھک کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔انہوں نے کہاکہ آتشزدگی کی اس واردات میں رہائشی مکان کو نقصان پہنچا ۔دریں اثناء مہجور نگر میں درمیانی شب آگ کی ایک واردات میں ایک شیڈ پوری طرح سے خاکستر ہوا۔پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرلئے ہیں۔