عاصف بٹ
کشتواڑ// سماج دشمن عناصر کے خلاف جاری کوششوں میں کشتواڑ پولیس نے اتوار کو تین بدنام زمانہ منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے اور اُن کے قبضے سے 20 گرام ہیروئن برآمد کی ہے۔
ایس ایس پی کشتواڑ خلیل پوسوال نے بتایا کہ منشیات سمگلنگ سے متعلق پولیس کو ایک مخصوص اطلاع ملی اور سابقہ لیڈز کی چھان بین کے ساتھ پولیس نے مالی پتھ کشتواڑ میں خصوصی ناکہ قائم کیا جس کی قیادت انسپکٹر پرویز احمد کھانڈے، ایس ایچ او کشتواڑ نے کی۔
اُنہوں نے بتایا کہ گاڑیوں اور راہگیروں کی چیکنگ کے دوران ناکہ پارٹی نے ایک سفید رنگ کی سکارپیو گاڑی زیر نمبر JK17A-6891 کو روکا، جو شالیمار سے کشتواڑ کی طرف جارہی تھی، جس میں تین افراد سوار تھے۔
اُنہوں نے بتایا کہ گاڑی اور افراد کی تلاشی لینے پر ناکا پارٹی نے تقریباً 20 گرام وزنی ہیروئن سے مشابہ مادہ برآمد کیا۔ تینوں افراد کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا، اور گاڑی کو ضبط کرلیا گیا۔
پولیس نے گرفتار افراد کی شناخت عاصف کبیر زرگر ولد عبدالکبیر زرگر ساکنہ سیمنہ کالونی (ڈرائیور) اس کے قبضے سے تقریباً (6) گرام ہیروئن نما مادہ برآمد ہوا، عارف حسین ولد حاتم علی ساکنہ شکتی نگر کشتواڑ ( اس کے قبضے سے 7 گرام ہیروئن نما مادہ برآمد کیا گیا) جبکہ طارق ارشاد ولد ارشاد احمد زرگر ساکنہ زیور کشتواڑ(اس کے قبضے سے 7 گرام ہیروئن نما مادہ برآمد ہوا) کے طور پر کی ہے۔
پولیس نے اس سلسلے میں پولیس تھانہ کشتواڑ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت ایک مقدمہ ایف آئی آر زیرنمبر 34/2024 درج کر کے معاملے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔