محمد تسکین+اشتیاق ملک+زاہد بشیر +عاصف بٹ
جموں //جموں ڈویژن میں 75 واں یوم جمہوریہ حب الوطنی ، جوش و خروش اور روائتی طریقے کے ساتھ منایا گیا جس میں مختلف سماجی حلقوں سے لوگوں نے شرکت کی ۔ قومی جذبے اور گرم جوشی سے معمور ، طلباء اور نوجوانوں نے علاقے کے تمام اضلاع میں ضلع ، تحصیل اور بلاک سطح پر منعقدہ شاندار تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔ تقریب میں اسکولی بچوں اور لوک فنکاروں کی شاندار پرفارمنس کے ذریعے ثقافتی تنوع کا شاندار مظاہرہ کیا گیا ۔75 ویں یومِ جمہوریہ نے حب الوطنی اور جوش و خروش کے ساتھ یومِ جمہوریہ کی تقریبات منائی گئیں ۔جموں ضلع میں ایم اے ایم سٹیڈیم میں سب سے بڑی تقریب کا اہتمام کیاگیا جبکہ اس کیساتھ ساتھ ضلع کے مختلف مقامات پر سرکاری اداروں میں تقریبات منعقد کی گئی جبکہ سیاسی پارٹیوں کے دفاتر میں پروگرام منعقد ہوئے جن میں پارٹی کے سنیئر لیڈران کی قیادت میں قومی پرچم لہرایا گیا ۔ ضلع سانبہ ضلع میں یومِ جمہوریہ جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا ۔ تقریب کا آغاز قومی پرچم لہرانے اور پریڈ کے معائنہ کے ساتھ معزز ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل ( ڈی ڈی سی ) چئیر مین کیشو دت شرما نے کیا اور مارچ پاسٹ سے سلامی لی۔دوسری جانب خطہ چناب میں وسیع پیمانے پر پروگرام منعقد ہوئے ۔75 ویں یوم جمہوریہ کی تقریبات کے سلسلے میں ڈوڈہ ضلع میں سب سے بڑی تقریب سپورٹس اسٹیڈیم ڈوڈہ میں منعقد ہوئی جہاں ڈی ڈی سی چیئرمین دھنتر سنگھ کوشل نے ڈپٹی کمشنر ہرویندر سنگھ، ایس ایس پی عبدالقیوم و انتظامیہ کے دیگر آفیسران کی موجودگی ترنگا لہرایا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی. اسی طرح کی تقریبات بانہال بھدرواہ، ٹھاٹھری ،گندوہ ،عسر میں منعقد ہوئیں جہاں پر ایڈیشنل ضلع کمشنر، سب ڈویڑنل مجسٹریٹوں و تحصیل سطح پر تحصیلداروں نے ترنگا لہرایا اور پریڈ پر سلامی لی.اس دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے. اطلاعات کے مطابق یوم جمہوریہ کی تقریبات کے سلسلے میں سپورٹس اسٹیڈیم ڈوڈہ میں منعقد سب سے بڑی تقریب میں ضلع ترقیاتی کونسل چیئرمین دھنتر سنگھ کوشل نے وائس چیئرپرسن سنگیتہ رانی و سیول، پولیس و سیکورٹی فورسز کے اعلیٰ افسران و بھاری تعداد میں موجود سیول سوسائٹی کی موجودگی میں پرچم کشائی کی اور پریڈ پر سلامی لی. اس دوران انہوں نے جہاں اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی وہیں مرکزی و یوٹی سرکار کی جانب سے جاری کردہ فلاحی اسکیموں و ترقیاتی منصوبوں کا خاکہ پیش کیا. اس دوران پولیس، ایس ایس بی، سی آر پی، ہوم گارڈز، ایف پی ایف، این سی سی کے دستوں و اسکولی بچوں نے پریڈ کی اور رنگا رنگ تمدنی پروگرام پیش کیا. اسی طرح اے ڈی سی بھدرواہ دلمیر چوہدری نے سیول ،پولیس و سیکورٹی فورسز کے افسران و ملازمین کی موجودگی میں ترنگا لہرایا. سب ڈویڑنل ہیڈکواٹر گندوہ میں ایس ڈی ایم اشرف پرویز، ٹھاٹھری میں ایس ڈی ایم مسعود احمد، عسر میں ایس ڈی ایم لیکھراج و تحصیل چلی پنگل میں تحصیلدار پرویز احمد نے قومی پرچم لہرایا. اس دوران رنگا تمدنی پروگرام بھی پیش کیا گیا. تقریبات کے اختتام پر مختلف شعبوں سے وابستہ افراد و پروگرام میں شامل بچوں کی حوصلہ افزائی کے لئے اعزازی اسناد و مومنٹو پیش کئے گئے. اس دوران ضلع بھر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ضلع رامبن میں پچھترویں یوم جمہوریہ کی تقریبات کے سلسلے میں جمعہ کے روز درجنوں تقاریب کا انعقاد کیا گیا اور بانہال ، کھڑی ، رامسو ، اکرال ، رامبن ، گول سنگلدان ، چندرکوٹ ، بٹوٹ اور راجگڑھ میں یوم جمہوریہ کی درجنوں تقاریب میں پہاڑوں پر ہوئی تازہ برفباری کیوجہ سے شدید سردی کے باوجود بھی ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ ضلع رام بن میں یوم جمہوریہ کی سب سے بڑی تقریب ضلع پولیس لائنز رام بن میں منعقد ہوئی جہاں ضلع ترقیاتی کونسل رام بن کی چیئر مین ڈاکٹر شمشاد شان نے ترنگا لہرایا اور پولیس اور سکولی بچوں کی مختلف ٹکڑیوں کیطرف سے پیش کی گئی پریڈ پر سلامی لی۔ اس موقع ڈی سی رامبن بصیر الحق چودھری ، ایس ایس پی رامبن موہتا شرما ضلع انتظامیہ کے افسران اور لوگوں کی بھاری تعداد موجود تھی۔ مختلف سکولی بچوں اور مقامی کلاکاروں نے تمدنی اور ثقافتی پروگرام پیش کرکے وہاں موجود سامعین کو محظوظ کیا اور خوب داد اور انعامات وصول کئے۔ اس موقع پر مہمان خصوسی ڈاکٹر شماد شان نے ضلع رامبن میں تعمیر و ترقی کے جاری دور پر مفصل روشنی ڈالٹے ہوئے نیشنل ہائے وے اور ریلوے لائین کی تکمیل کے حوالے سے لوگوں اور سرکار کو مبارکبادی پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اس سال ریلوے لائین کے مکمل ہونے سے ضلع رامبن کے لوگوں کو بہت فائدہ ہوگا۔سب ڈویڑن بانہال میں ہائیر سیکنڈری سکول بانہال میں منعقد یوم جمہوریہ کی تقریب کے موقع پر ایس ڈی ایم بانہال ظہیر عباس نے ترنگا لہرایا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی جبکہ گول میں ایس ڈی ایم گول تنویر المجید نے ترنگا لہرایا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔ میونسپل کونسل بانہال کے احاطے میں بھی ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا اور قومی پرچم کو سلامی پیش کی گئی جبکہ ارکان انٹرنیشنل کے چیف ایس۔ موریہ نے ارکان دفتر بانہال میں ترنگا لہرایا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔ کھڑی ، مہو منگت ، رامسو ، اکڑال پوگل پرستان کے علاوہ بلاک اور سرکاری سکولوں میں بھی یوم جمہوریہ کے سلسلے میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور قومی پرچم کو لہرایا گیا۔ ضلع بھر میں یوم جمہوریہ کی تقریبات کے موقع پر سرکاری ملازموں ، سماجی اور رضاکار انجمنوں اور صحافیوں کو بھی اپنے اپنے شعبوں میں بہترین خدمات کیلئے توصیفی اسناد اور انعامات سے بھی نوازا گیا۔ بانہال میں یوم جمہوریہ کی تقریب کے موقع پر ساہتیہ اکیڈمی کے ایوارڈ یافتہ منشور بانہالی کو بھی ایوارڈ سے نوازا گیا۔سب ڈویژن گول کے کونے کونے میں 75ویں یوم جمہوریہ کی تقریبات کا انعقاد ہوا جہاں پر مقررین نے اس دن کے مناسبت پر روشنی ڈالی اوربچوں نے رنگا رنگ پروگرام پیش کئے۔ سب سے بڑی تقریب ہائر سکینڈری سکول گول میں منعقد ہوئی جہاں پر ایس ڈی ایم گول تنویر المجید نے ترنگے کی سلامی لی ۔ اس موقعہ پر انہوں نے اس دن پر روشنی بھی ڈالی ۔ تقریب میں تمام محکمہ کے آفیسران و سکولی بچوں و لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ تقریب میں بچوں نے رنگا رنگ پروگرام پیش کئے جس دوران ہائی سکول داچھن نے پہلی پوزیشن حاصل کی ۔ وہیں اس موقعہ پر بہتر کار کردگی کرنے والوں میں اعزازات سے بھی نوازا گیا ۔ اس موقعہ پر بہتر کار کردگی انجام دئے جانے پر گول سب ڈویژن سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کشمیر عظمیٰ کے زاہد بشیر ، لازوال کے عبدالطیف ملک اور روزنامہ تسکین کے شبیر احمد وانی کو اعزاز سے نوازا گیا۔وہیں سنگلدان نیابت کے مقام پر بھی یوم جمہوریہ کی تقریب منعقد ہوئی جہاں پر نایب تحصیلدار نے ترنگے کی سلامی لی ۔ کورٹ کمپلیس گول کے علاوہ دیگر جگہوں پر بھی یوم جمہوریہ کی تقریبات کا انعقاد ہوا جہاں پر رنگا رنگ پروگرام منعقد کئے گئے ۔گول کے سلبلہ علاقہ میں امرت سرور پانڈ کے مقام پر پہلی مرتبہ 75ویں یوم جمہوریہ کی تقریب کا انعقاد ہوا جہاں پر صحافت سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو ترنگا لہرانے کا اعزاز حاصل ہوا اور موقعہ پر پیس اینڈ ویلیفر کمیٹی گول میزبانی کر رہی تھی جبکہ سلبلہ کے لوگوں و سکولی بچوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ اس موقعہ پر مقررین نے اس دن کے مناسبت پر روشنی ڈالی ۔ بچوں میں اس موقعہ پر انعامات کے طور پر کاپیاں وغیرہ تقسیم کیں ۔ یہاں آئے ہوئے لوگوں نے کافی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہاں پر پہلی مرتبہ یہ تقریب منعقد ہوئی ۔ لوگوں نے اس موقعہ پر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ یہاں پر ایک بڑی پارک بنائیں کیونکہ زمیندار نے مفت میں پارک کے لئے جگہ وقف کی اور آئندہ پروگراموں کے لئے وسیع جگہ کا ہونا لازمی ہے تا کہ اس پارک کو یہاں پر ایک نمونہ کے طو رپر بنایا جائے جس کے لئے مقامی لوگ بھی کافی دلچسپی رکھتے ہیں۔یوم جمہوریہ کی تقریبات پورے ضلع کشتواڑ میں بڑے جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ منائی گئی ۔ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس، پولیس لائن، سب ڈویڑنل ہیڈ کوارٹر، تحصیل و بلاک ہیڈ کوارٹر، تمام سرکاری دفاتر، کالجوں اور تعلیمی اداروں میں بھی پروگرام منعقد کئے گئے ۔ضلع کی سب سے بڑی تقریب ڈی سی آفس کمپلیکس کشتواڑ کے احاطے میں منعقد ہوئی ۔اس موقع پر چیئرپرسن ضلع ترقیاتی کونسل کشتواڑ پوجا ٹھاکر مہمان خصوصی تھیں جنہوں نے ترنگا لہرایا اور پریڈ کا معائنہ کیا اور سلامی لی۔ پریڈ میں جے کے پولیس، آئی آر پی، سی آر پی ایف، سی آئی ایس ایف، فاریسٹ پروٹیکشن فورس، ہوم گارڈ، جی ڈی سی کشتواڑ کی گرلز اینڈ بوائز این سی سی بٹالین اور مختلف اسکولوں کے بچوں نے مارچ پاسٹ میں حصہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر کشتواڑ ڈاکٹر دیونش یادو ایس ایس پی کشتواڑ خلیل احمد پسوال سی او 52 ویں بٹالین سی آر پی ایف پرما شیون، ڈی ڈی سی ممبران، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کشتواڑ اندرجیت سنگھ پریہار، اے ایس پی کشتواڑ راجندر سنگھ، جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ محمد اقبال، اسسٹنٹ کمشنر ورنجیت اے سی ڈی کشتواڑ منوج کمار، ڈی پی او/ ڈی ای آئی سنیل بھٹیال کے علاوہ سول انتظامیہ، پولیس، فوج، سی آئی ایس ایف، سی آر پی ایف کے سینئر افسران سمیت سماج کے سرکردہ افراد کشتواڑ کے میڈیا کے نمائندے اور دیگر لوگ اس موقع پر موجود رہے۔