اشتیاق ملک
ڈوڈہ // ڈوڈہ ضلع میں ہفتہ کو پیش آئے 3 الگ الگ سڑک حادثات میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا ہے جبکہ 6 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔
ہفتہ کی شام ڈوڈہ سے پدارنہ کی طرف جارہی ایک ٹاٹا موبائل زیر نمبر JK06A-9739 اور ایک سکوٹی کے درمیان پدارنہ ببور کے نزدیک ٹکر ہوئی، جس کے بعد گاڑی سڑک سے تقریباً ڈھائی سو فٹ نیچے گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 4 افراد شدید زخمی ہوئے۔ حادثہ کے فوراً بعد مقامی لوگ و پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے ٹاٹا موبائل ڈرائیور وسیم سجاد ولد عبد الرحمن ساکنہ روتی پدارنہ کو مردہ قرار دیا جبکہ طالب حسین، عاقب حسین ولد جاوید اقبال ساکنہ نلوہ و پنجاب سنگھ ولد گاندھی سنگھ ساکنہ جودھپور زخمی ہوئے ہیں۔
ادھر، بھدرواہ گلڈنڈہ میں ایک ایکس یو وی گاڑی زیر نمبر JK06BG-0764 کو پیش آئے حادثہ میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں مقامی لوگوں و پولیس کی ٹیم نے بھدرواہ ہسپتال منتقل کیا ہے۔ زخمیوں کی شناخت سنجے منہاس ولد ہنس راج ساکنہ درڈو و سندیپ منہاس ولد لیکھ راج ساکنہ پریم نگر کے طور پر ہوئی ہے۔
بھدرواہ میں ہی دیر شام پیش آئے ایک اور سڑک حادثہ میں ایک شخص زخمی ہوا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق آٹو ریکشہ زیر نمبر JK06B-8140 دومیل کے پاس حادثہ کا شکار ہوا جس کے نتیجے میں ڈرائیور حامد علی (34)ولد محمد اسلم ساکنہ پرانوں زخمی ہوا جسے بھدرواہ ہسپتال منتقل کیا ہے۔