عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
نئی دہلی/ / ملک میں آئی فون مینوفیکچرنگ کو بڑا فروغ ملا ہے۔ بھارت کے کپٹیشن کمیشن نے ٹاٹا وسٹرون معاہدے کو ہری جھنڈی دے دی ہے۔ ٹاٹا الیکٹرانکس نے گزشتہ سال اکتوبر میں تائیوان کی کمپنی وسٹرون کے ہندوستانی آپریشنز کو خریدنے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ ویسٹرون کا بنگلورو کے قریب ایک پلانٹ ہے جس میں آئی فونز کو اسمبل کیا جاتا ہے۔ اس ڈیل کے لیے ٹاٹا گروپ اور وسٹرون کے درمیان تقریباً ایک سال سے بات چیت چل رہی تھی۔ ویسٹرون کا یہ پلانٹ آئی فون 14 ماڈل کی تیاری کے لیے جانا جاتا ہے۔ اس وقت اس پلانٹ میں 10,000 سے زائد کارکن کام کر رہے ہیں۔ ویسٹرون کا ہندوستانی پلانٹ اپنی 8 پروڈکشن لائنوں میں آئی فون تیار کر رہا ہے۔تائیوان کی کمپنی ویسٹرون کنٹریکٹ پر الیکٹرانک سامان تیار کرتی ہے۔ وسٹرون بھارت میں آئی فون کے کاروبار سے باہر نکلنا چاہتا ہے اور ٹاٹا نے اسے خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔ ٹاٹا کے حصول کے بعد، ویسٹرون مکمل طور پر ہندوستانی مارکیٹ سے باہر ہو جائے گی، کیونکہ یہ کمپنی کا واحد پلانٹ ہے جو ہندوستان میں ایپل کی مصنوعات تیار کرتا ہے۔ تائیوان کی کمپنی ویسٹرون نے 2008 میں ہندوستانی مارکیٹ میں قدم رکھا، جب یہ کمپنی کئی آلات کی مرمت کی سہولیات فراہم کرتی تھی۔ 2017 میں، کمپنی نے اپنے کام کو بڑھایا اور ایپل کے لیے آئی فونز کی تیاری شروع کر دی۔چین اور امریکہ کے درمیان تنازع کے درمیان، ایپل نے اپنی عالمی پیداوار کا تقریباً 25 فیصد ہندوستان منتقل کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔ تائیوان کی تین فرموں میں سے جو ایپل کی مصنوعات کو اسمبل کرتی ہیں، صرف وسٹرون ہی ہندوستان چھوڑ رہی ہے۔ فاکسوکون اور پیگاٹرون نے ہندوستان میں اپنی پیداواری لائنوں کو بڑھایا ہے۔