عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں//جموں و کشمیر بھر میں منعقد یومِ جمہوریہ کی تقریبات پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہو گئی ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں کے ایم اے سٹیڈیم میں منعقدہ مرکزی تقریب میں قومی پرچم لہرایا اور سلامی لی۔ قبل ازیں لیفٹیننٹ گورنر نے جموں کے بلیدان ستمب پر پھولوں کی چادر چڑھائی تاکہ قوم کی خدمت میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداءکو خراج عقیدت پیش کیا جا سکے۔
بعد میں سنہا نے قومی پرچم لہرایا اور جموں کے ایم اے سٹیڈیم میں ایک متاثر کن پریڈ میں سلامی لی۔
سی اے پی ایف، مقامی پولیس، ہوم گارڈز اور سکول کے بچوں کے دستے ہوشیار طریقے سے پوڈیم کے پاس سے نکلے جہاں سنہا نے سلامی لی۔
ایل جی نے ملک کے 75 ویں یوم جمہوریہ پر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے ان شہداءکو کبھی فراموش نہیں کرے گی جنہوں نے ملک کی خودمختاری اور سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں۔
انہوں نے سیاحت سے متعلق سرگرمیوں کے ہر شعبے میں عظیم تبدیلی کے بارے میں بھی بات کی جو وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں یوٹی میں ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بند، پتھراو¿ اور سڑکوں پر تشدد کے دن ختم ہو چکے ہیں اور ترقی کی صبح نے عام آدمی کو منافع دینا شروع کر دیا ہے۔
وادی میں یوم جمہوریہ کی مرکزی تقریب سرینگر کے بخشی سٹیڈیم میں ہوئی جہاں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر آر آر بھٹناگر نے قومی پرچم لہرایا اور پریڈ کی سلامی لی۔
جموں اور سرینگر میں مرکزی تقریبات کے مقامات کو محفوظ بنانے کے لیے فول پروف سیکورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔
ان تقریبات میں عوام کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے جبکہ وادی میں کہیں بھی عوامی نقل و حرکت اور موبائل فون پر کوئی پابندی نہیں لگائی گئی تھی۔
سرینگر میں پولیس، نیم فوجی دستوں، ہوم گارڈز اور سکول کے بچوں کے چاق و چوبند دستے نے پریڈ میں حصہ لیا۔
مرکزی تقریب کے بعد جموں و کشمیر کے دونوں خطوں کے تنوع میں اتحاد کی عکاسی کرنے والے ثقافتی پروگرام ہوئے۔
جموں و کشمیر کے دیگر تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں بھی یوم جمہوریہ کی تقریبات منعقد کی گئیں۔
آج کی تقریب کے دوران یو ٹی میں کہیں بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔