عظمیٰ نیوزسروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے یہاں جموں یونیورسٹی کے جنرل زورآور سنگھ آڈیٹوریم میں رائے دہندگان کے14ویں قومی دن تقریب میں حصہ لیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے سماج کے تمام طبقوں اورالیکشن محکمہ کے افسروں اوراہلکاروں کو مبارکباد پیش کی۔اس موقعہ پرلیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اس برس کے قومی یوم رائے دہندگان کاموضوع’ووٹنگ جیساکچھ نہیں،میں یقینی طور ووٹ ڈالوں گا‘ہے، سے آئین سازوں کے نظریات اور فیصلہ سازی اور اپنی تقدیر سنوارنے میں لوگوں کی شرکت کی دوبارہ تصدیق ہوتی ہے۔
انہوں نے رجسٹریشن دفتر کے تمام افسروں سے اپیل کی کہ وہ ہرایک اہل شہری کی ووٹر فہرستوں میں اندراج کو یقینی بنائیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے قومی یوم رائے دہندگان کا حلف افسروں اور لوگوں کو دلایا اورنئے رجسٹرکئے گئے ووٹروں کو مبارکباد دی۔انہوں نے الیکشن محکمہ کی ان کوششوں کو بھی سراہا جن کے تحت جموں کشمیر ووٹرفہرستوں کی خصوصی نظرثانی کے دوران 2لاکھ31ہزار نئے ووٹروں کا اندراج کیا گیا۔اس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے 6کروڑ81لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے جانے والے علاقائی ای وی ایم وئرہاوس کابھی سنگ بنیاد رکھاجس میں5000ای وی ایم مشینوں / وی وی پی اے ٹیزکورکھنے کی صلاحیت ہوگی۔انہوں نے الیکٹورل رول افسروں کی بھی عزت افزائی کی اور نئے بھرتی کئے گئے الیکشن اسسٹنٹوں کو تقرری نامے سونپے۔اس موقعہ پرچیف الیکشن کمشنرراجیو کمار نے لوگوں کو ویڈیو پیغام میں مبارکباد دی۔