عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// سرینگر سمارٹ سٹی لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ڈاکٹر اویس احمد نے بدھ کو کہا کہ سمارٹ سٹی کے تحت کام پورے زور و شور سے جاری ہیں اور تمام جاری پروجیکٹوں کو مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں گے۔
ڈاکٹر اویس نے کہا کہ حکام سرینگر سمارٹ سٹی لمیٹڈ کی طرف سے شروع کئے گئے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار اور پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ شہر کے پرتاپ پارک میں بنایا جا رہا بلیدان ستمبھ مقررہ مدت میں مکمل کر لیا جائے گا۔ ڈاکٹر اویس نے کہا، “بلیدان ستمبھ پر کام کی رفتار تیز ہے اور اسے مقررہ مدت میں مکمل کر لیا جائے گا”۔
اعداد و شمار فراہم کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے کے دوران 90 منصوبے مکمل کیے گئے جبکہ اب تک کل 95 منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے شہر کی خوبصورتی کے لیے مزید 58 منصوبے شروع کیے ہیں۔
ایس ایس سی ایل کے عہدیداروں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے، انہوں نے کہا، “گزشتہ چند سالوں میں سرینگر شہر میں جو کچھ بھی سامنے آیا ہے، اس کا سہرا سرینگر سمارٹ سٹی لمیٹڈ کی ٹیم کو جاتا ہے جس نے شہر کو دوبارہ ڈیزائن کرنے کے لیے سخت محنت کی”۔
اپنے پیشرووں کے کردار کا اعتراف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک قابل ستائش کام کیا گیا ہے اور وہ کام کی رفتار کو برقرار رکھنے کی پوری کوشش کریں گے۔