عظمیٰ نیوز سروس
شوپیان// ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیاں فضل الحسیب نے منگل کو ضلع میں نبارڈ کے دیہی انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ فنڈ (آر آئی ڈی ایف) کے تحت فنڈ کئے گئے پروجیکٹوں کی حالت کا جائزہ لینے کے لیے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ڈی ڈی ایم نبارڈ رئوف احمد زرگر نے مطلع کیا کہ ضلع میں مختلف شعبوں کے تحت 266.46 کروڑ روپے کے 66 منصوبے زیر تکمیل ہیں۔ ضلع میں نبارڈ کے آر آئی ڈی ایف کے تحت جن منصوبوں کی مالی اعانت فراہم کی گئی ہے ان میں دیہی سڑکیں، پل، واٹر سپلائی سکیمیں، بنیادی صحت کے مراکز، آبپاشی اور سیلاب پر قابو پانے کے کام، پھل منڈی اور بھیڑ؍جانور کے تحت کام شامل ہیں۔ ڈی سی کو فنڈ کے بہاؤ ،پروجیکٹ کی تکمیل کے سرٹیفکیٹس اور یوٹیلائزیشن سرٹیفکیٹس کی بروقت جمع کروانے سے متعلق مختلف مسائل سے بھی آگاہ کیا گیا۔ ڈی سی نے کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے، عمل آوری کرنے والی ایجنسیوں پر زور دیا گیاکہ نبارڈ کی طرف سے مقرر کردہ ٹائم لائنز کے تحت پروجیکٹوں کو مکمل کریں۔ انہوں نے لائن ڈپارٹمنٹس کو ہدایت دی کہ وہ نبارڈ کی نئی 137 پروجیکٹ سرگرمیوں کے تحت کم از کم دو پروجیکٹوں کے ڈی پی آر کو آگے بھیجیں۔پروجیکٹس کے فزیکل اور مالیاتی اجزاء کو تیز کرنے کے لیے بحث کا انعقاد کیا گیا۔ ڈی سی نے ایگزیکٹو انجینئرز کو رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔