عظمیٰ نیوز سروس
جموں +رام بن//ایودھیا میں ’پران پرتیشتھا‘ کی تقریب کے سلسلہ میں جموں ،سانبہ ،کٹھوعہ ، ڈوڈہ، کشتواڑ اور رامبن اضلاع کے مندروں میں خصوصی پروگرام منعقد کئے گئے جن کے دوران خصوصی پوجا بھی کی گئی ۔عقیدت میں ڈوبے ہوئے جموں نے ایودھیا میں شری رام مندر کی تقدیس کی تقریب سے پہلے شہر کی گلیوں میں بھگوا جھنڈے لگائے ہوئے تھے اور تقریباً تمام گھروں، دکانوں اور دروازوں کے اوپر وسیع و عریض رام مندر کی تصویروں والے بھگوا جھنڈے لگا دئیے گئے تھے۔شہر میں کاروباری اداروں کے دیگر احاطے جبکہ سڑکوں پر چلنے والی گاڑیوں بشمول دو پہیہ گاڑیوں پر بھی تہوار میں شامل ہونے کے لئے یہ جھنڈے لگائے گئے ہیں۔شکتی نگر، بخشی نگر، ریہڑی، نیو پلاٹ، جانی پور، اولڈ جموں سٹی اور تقریباً دیگر تمام مقامات پر مصروف بازار بھی سجاوٹ کی گئی تھی جبکہ بھگوا جھنڈوں، بھگوان رام، ہنومان اور ہنومان کی تصویروں والی پٹیاں، ایودھیا میں رام جنم بھومی (بھگوان رام کی جائے پیدائش) مندر ان بازاروں میں لگے ہوئے تھے۔دکانداروں نے بتایا کہ ’بازار میں بھگوان رام اور ان کے جنم بھومی مندر کے جھنڈے لگا دئیے گئے ہیں ’۔ اس موقعہ پر کئی ایک جموں شہر کی اکثر مارکیٹوں میں حلوہ و دیگرکھانے پینے کیا شیاء تقسیم کی گئیں ۔شام ہوتے ہے جموں شہر پٹاخوں سے گونج اٹھا جبکہ کئی مقامات اور مندروں میں خصوصی میوزک سسٹم بھی لگایا گیا تھا ۔اس دوران کئی جگہوں پر مندی کا افتتاح براہ راست دیکھنے کیلئے بڑی ایل سی ڈی اسکرین لگائی گئی تھی جہاں پر لوگوں نے یکجا ہو کر ایودھیا کے پورے پروگرام کو دیکھا ۔اس دوران سیاسی پارٹیوں کے کارکنوں و لیڈران کی جانب سے بھی جہاں پروگرام منعقد کئے گئے تھے وہائیں ان لیڈران نے مندروں میں جا کر خصوصی پوجا میں شرکت کی اور مذہبی جوش و خروش کیساتھ اس تقریب کو منایا ۔نوجوانوں نے کئی جگہوں پر ریلیاں بھی نکالی ۔اسی طرح جموں کے ملحقہ اضلاع کے مندروں میں بھی تقریبات منعقد کی گئی تھی ۔خطہ چناب کے بھدرواہ، پریم نگر، ڈوڈہ ،ٹھاٹھری ،کشتواڑ، بٹوٹ، رامبن اور دیگر قصبوں میں پروگرام منعقد کئے گئے جہاں صبح سویرے پربھات جلوس نکالے گئے جن میں عقیدت مندوں نے رام بھجن پڑھے اور خوشی میں پٹاخے جلائے۔اس کے بعد عقیدت مندوں نے ایودھیا سے پران پرتیشتھا کا لائیو سٹریمنگ پروگرام مندروں اور اپنے اپنے مقامات پر بڑی ایل سی ڈی اسکرینوں پر دیکھا۔لوگوں نے ٹیلی ویڑن سیٹس پر وزیر اعظم نریندر مودی کا خطاب بھی سنا۔پورے خطے میں روحانی اجتماعات بھی منعقد ہوئے جن میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔آخر میں پوجا ارچنا کے بعد مندروں اور دیگر مقامات پر عقیدت مندوں کو لنگر پیش کیا گیا۔شام کے وقت ڈوڈہ، کشتواڑ اور رامبن اضلاع کے تمام قصبوں میں دیوالی جیسا تہوار نظر آیا، لوگ پٹاخے پھوڑ رہے تھے اور مندر، بازار اور کئی عمارتیں روشن تھیں۔پولیس اور سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے میں سیکورٹی کے وسیع انتظامات کئے ہیں۔
رام مندر کی طویل جدوجہد پوری ہو گئی :مرکزی وزیر
عظمیٰ نیوز سروس
جموں//قانون و انصاف کے مرکزی وزیر ارجن میگوال نے پیر کے روز کہاکہ ایودھیا میں رام مندر کی طویل جدوجہد آج پوری ہو گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس معاملے پر سیاست نہیں کرنی چاہئے۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ آج ملک کی تاریخ کا اہم دن ہے کیونکہ ایودھیا میں رام مندر کے قیام کی طویل جدوجہد پوری ہو گئی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس معاملے پر سیاست نہیں کر نی چاہئے کیونکہ یہ مذہب سے جڑا ہوا معاملہ ہے۔مرکزی وزیر نے مزید بتایا کہ پورے ملک کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر میں بھی آج تمام مندروں میں خصوصی پوجا پاٹ اور ہون کا اہتمام کیا گیا جس میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ان کے مطابق موجودہ مرکزی حکومت نے لوگوں کے ساتھ جو وعدئے کئے انہیں پورا کیا گیا۔کشمیری پنڈتوں کی گھر واپسی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں مرکزی وزیر نے کہاکہ پنڈتوں کی بہت جلد گھر واپسی ہو گی اور اس اہم مسئلے پر بھی کام ہو رہا ہے۔