عظمیٰ نیوز سروس
جموں// جموں کے رگھوناتھ مندر میں منعقدہ تین روزہ جشن رام مندر کے افتتاح کیساتھ ہی ختم ہو گیا ۔اس سلسلہ میں منعقدہ پروگرام میں 20ہزار سے زائد عقیدت مندوں نے شرکت کی ۔تیسرے دن کی تقریبات کا آغاز معروف ویدک اسکالرز کے ذریعہ شری رام چریت مانس کے اکھنڈ پاٹھ کے کامیاب اختتام کے ساتھ ہوا جس کو خصوصی طور پر چترکوٹ، ایودھیا سے مدعو کیا گیا تھا ۔رگھوناتھ مندر کو متحرک پھولوں اور تابناک روشنی سے آراستہ کر دیا گیا تھا۔اس موقع پر جے اینڈ کے دھرمارتھ ٹرسٹ کے ٹرسٹی ایم کے اجاتشترو سنگھ اور سابق وزیر کنواری ڈاکٹر ریتو سنگھ کے ساتھ مرکزی وزیر قانون و انصاف ارجن رام میگھوال، ممبر پارلیمنٹ جوگل کشور، لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر اور ان کی اہلیہ، ڈویژن کمشنر رمیش کمار، آئی جی پی جموں آنند جین، پدم شری ڈاکٹر وشوا مورتی شاستری، ایس ایس پی سندیپ مہتا، سنائینا مہتا، جوائنٹ ڈائریکٹر ٹورازم، جموں، بی جے پی جموں و کشمیر کے صدر رویندر رینہ، سابق وزیر پریا سیٹھی، سینئر بی جے پی لیڈر یودھویر سیٹھی، سابق جے ایم سی کمشنر کیساتھ ساتھ سینکڑوں کی تعداد میں لیڈران و کارکنوں نے بھی شرکت کی ۔دن کا آغاز مندر کے احاطے میں ایک دلفریب بھجن ساندھیا کے ساتھ ہوا، جس میں معروف گلوکاروں جیسے سونالی ڈوگرا، روی رگھوونسی، نریندر سنگھ ودیگران نے شرکت کی ۔
نروال منڈی میں پروگرام منعقد کیاگیا
عظمیٰ نیوز سروس
جموں //فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل ایسوسی ایشن نروال منڈی جموں نے ایودھیا میں رام مندر کے تقدس کے سلسلہ میں ایک تقریب منعقد کی ۔اس تقریب میں فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل ایسوسی ایشن کے نامور ممبران کیساتھ ساتھ سینئر بی جے پی لیڈر یودھویر سیٹھی اور پریا سیٹھی، شام لال لنگر، کنوینر بی جے پی ٹریڈ سیل، جموں و کشمیر، کنوینر، اور بلونت سنگھ بلواریہ وغیرہ نے بھی شرکت کی ۔اس موقع پر یودھویر سیٹھی، پریا سیٹھی، شام لال لنگر، اور بلونت سنگھ بلوریا نے نروال منڈی کے کالیکا مندر میں فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل ایسوسی ایشن کے ممبران کے ذریعہ منعقدہ بھنڈارا کا افتتاح کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے یودھویر سیٹھی اور پریا سیٹھی نے رام مندر کی ثقافتی اور روحانی اہمیت پر زور دیا، اتحاد کو فروغ دینے اور ہندوستان کے امیر ورثے کے تحفظ میں اس کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کمیونٹی اقدار سے وابستگی کیلئے ایسوسی ایشن کی تعریف کی اور اس تاریخی تقریب کو منانے کے لئے متنوع پس منظر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو اکٹھا کرنے کے لئے جامع جذبے کا مظاہرہ کیا۔
بھدرواہ کے مندروں میں خصوصی پروگرام
عظمیٰ نیوز سروس
ڈوڈہ//چیئر مین ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل ڈوڈہ دھننتر سنگھ نے بھدرواہ کے مختلف مندروں میں پوجا کی ۔دورے کے دوران، ڈی ڈی سی کے چیئرمین نے مشہور پہاڑی اسٹیشن نلتھی میں مشہور لکشمی نارائن مندر، گپت گنگا، قدیم واسوکی ناگ مندر اور ہنومان مندر میں ایک خصوصی پوجا کی اور رام مندر کے افتتاح کی اہمیت کو بھی اجاگر کیاگیا ۔اس موقع پر اپنی عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے موصوف نے اس تاریخی دن پر لوگوں کو دلی مبارکباد دی۔اس دوران مندروں میں مقامی لوگوں کو حکومت کی جانب سے منعقد کی گئی مذہبی تقریب کے سلسلہ میں بھی جانکاری فراہم کی گئی ۔