عظمیٰ نیوز سروس
پلوامہ// ڈائریکٹر سریکلچر ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ اعجاز احمدبٹ نے پیر کو ضلع پلوامہ میںجاری ترقیاتی کاموں اور دیگر محکمانہ سرگرمیوں کا جائزہ لیا ۔ڈائریکٹر موصوف نے شہتوت کے مختلف فارمز، بلاکس اور نرسریوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے ضلع کی بہت سی نرسریوں کا بھی معائنہ کیا جن میں تملہ ہال ملبری فارم اورنرسری بھی شامل ہے جو 700 کنال کے رقبے پر پھیلی ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر نے افسران اور دیگر فیلڈ اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ مشترکہ کوششیں کریں اور مشن موڈ پر کام کریں تاکہ ریشم کے کیڑے پالنے والوں، کسانوں اور نوجوانوں میں جامع زرعی ترقیاتی پروگرام (HADP) سمیت مختلف اسکیموں کے بارے میں بیداری پھیلائی جا سکے۔ ڈائریکٹر نے بتایا کہ ضلع پلوامہ کسی زمانے میں ریشم کی افزائش کی سرگرمیوں کے لئے مشہور تھا اور ضلع میں ریشم کی پیداوار کی شان کو واپس لانے کے لئے محکمہ ریشم کی پیداوار کو پھر سے فروغ دینے اور ریشم کی پیداوار ماضی کی میراث کو بحال کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے افسران اور اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ عوام کو فعال طور پر مدد، تربیت اور دیگر تمام سہولیات فراہم کرنے کے لیے ان کے ساتھ سرگرم عمل رہیں۔ڈائریکٹر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کوکون آکشن مارکیٹس کا انعقاد وقت پر کیا جائے گا اور اس سلسلے میں محکمہ کی جانب سے مقررہ وقت پر تیاری کی جائے گی۔