عظمیٰ نیوزسروس
جموں//موجودہ موسم سرما کے دوران برف ہٹانے کے کا م کی تیاریوں کا یہاں سیکریٹری پبلک ورکس محکمہ بھوپندرکمار نے اعلیٰ سطحی جائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران سیکریٹری کو بتایا گیا کہ ضلع سطح پرکنٹرول روم قائم کئے گئے ہیںتاکہ وادی اور چناب اور پیرپنچال خطے میں برف ہٹانے کے کام میں محکموں کے درمیان تال میل بنایاجائے۔اس کے علاوہ درکارمشینری اور افرادی قوت کو بھی کام پر لگادیاگیا تاکہ برف باری کی صورت میں برف ہٹانے کے کام کو یقینی بنایا جائے۔بھوپندر کمار نے برف ہٹانے والی وایجنسیوں کوہدایت دی کہ متاثرہ علاقوں میں برف ہٹانے کے کام کوکم سے کم وقت میں صاف کیاجائے۔انہیں بتایاگیا کہ گزشتہ تین سال کے دوران برف ہٹانے کی158نئی مشینیں لائی گئی ہیں جن سے محکمہ کی برف ہٹانے کے کام کوکم سے کم وقت میںانجام دینے میں سہولت ہوگی۔ انہیں بتایاگیا کہ برف ہٹانے کی نئی مشینوں میں سٹیل کے بجائے پلاسٹک کٹنگ ایجز ہیں ۔سیکریٹری نے برف ہٹانے والی ایجنسیوں سے کہا کہ وہ اضلاع اور تحاصیل ،ہسپتالوں اور اہم تنصیبات کوجانے والی تمام سڑکوں کوہمہ وقت کھلارکھیں ۔انہوں نے قومی شاہراہ،مغل روڈ،سونہ مرگ،گریز ،کرناہ ،مژھل،کیرن اودیگراہم سڑکوں پر سے بھی فوری طور برف ہٹانے کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے سرینگر ایرپورٹ اور سیاحتی مقامات اورریلوے سٹیشنوں تک جانے والی سڑکوں کوبھی ترجیحی طور کھلارکھنے کی ہدایت دی۔ میٹنگ کے دوران متعلقہ چیف انجینئر،سینئر حاکم اور بیکن ،سپمرک،این ایچ اے آئی،اوراین ایچ آئی ڈی سی ایل کے افسربھی موجودتھے۔سیکریٹری نے بین الایجنسی تال میل پرزرودیا اور برف باری کے نتیجے میں عام لوگوں کو کسی بھی مشکل سے دوررکھنے کی تاکید کی۔انہوں نے گلمرگ شاہراہ پر سے بھی ترجیحی طور برف صاف کرنے کی متعلقین کو ہدایت دی تاکہ فروری کے پہلے ہفتے میں کھیلوں انڈیاسرمائی کھیلوں کاشیڈول متاثر نہ ہو۔