عاصف بٹ
کشتواڑ /ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ نے ڈیوٹی سےغیرحاضری کی پاداش میں میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ضلع ہسپتال کشتواڑ کو معطل کردیااور بی ایم او کشتواڑ کو انچارج میڈیکل سپرانٹنڈنٹ تعینات کیا گیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ کی جانب سے جاری حکمنا مہ کے مطابق میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ضلع ہسپتال کشتواڑ کو ڈیوٹی سےغیرحاضری کی پادا ش میں معطل کیا جاتاہے۔ حکمنامے میں بتایاگیا کہ ضلع ترقیاتی کمشنر کے ہسپتال دورے کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ یودھویر سنگھ کوتوال، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہسپتال کشتواڑ غیر مجاز طور ٖڈیوٹی سے غیر حاضر ہے اور جے کے سی ایس آر 1956 کے آرٹیکل 128 کے تحت اسکے خلاف کارروائی لازمی بنتی ہے۔ اسلئےیودھویر سنگھ کوتوال، میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہسپتال کشتواڑ کو جموں و کشمیر سول سروسز (درجہ بندی، کنٹرول اور اپیل) رولز 1956 کے رول 31 کے تحت معطل کیا گیا ہے۔
حکم نامہ کے مطابق یودھویر سنگھ کوتوال میڈیکل سپرانٹنڈنٹ اپنی معطلی کی مدت کے دوران چیف میڈیکل آفس کشتواڑ کیساتھ منسلک رہیں گے اور بی ایم او کشتواڑ اپنے فرائض کے علاوہ میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہسپتال کشتواڑ کا چارج بھی سنبھالیں گے ۔حکم نامہ کے مطابق اے ڈی سی کشتواڑ اس معاملے کی محتاط انکوائری کریں گے اور مثبت طور پر 7 دنوں کے اندر مزید کارروائی کے لیے اپنی سفارش کے ساتھ تفصیلی رپورٹ اس دفتر کو پیش کریں گے۔ کشمیر عظمیٰ کے پاس موجود حکمنامے میں ڈائریکٹر ہیلتھ سروس کی جانب سے جاری کردہ حکمنامہ محرر19جنوری میں میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ضلع ہسپتال کشتواڈ کو 15سے19جنوری تک پانچ روز ہ کیجول چھٹی دی جاتی ہے اور ڈاکٹر ساجد حسین بٹ سرجن کو ہسپتال کی دیکھ ریکھ کی ذمہ داری سونپی جاتی ہے لیکن اسکے بعد ایک اور حکمنامہ ڈائریکٹر ہیلتھ سروس کے دفتر سے19 جنوری کو جاری ہوا جس میں میڈیکل سپر انٹنڈنٹ کی معطلی کے حوالے سے جاری حکم نامہ کا حوالہ دیکر 5روزہ رخصتی کو منسوخ کیاجاتا ہے۔