عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// حکومت نے جمعہ کے روز میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ضلع ہسپتال کشتواڑ کو غیر مجاز غیر حاضری پر معطل کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کشتواڑ کے جاری کردہ حکم کے مطابق، اے ڈی سی کشتواڑ کو معاملے کی تحقیقات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ضلع ہسپتال کشتواڑ کے فیلڈ وزٹ کے دوران یہ بات نوٹس میں آئی ہے کہ ڈاکٹر یودویر سنگھ کوتوال، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہسپتال کشتواڑ جائز فرائض سے غیر مجاز طور پر غیر حاضر ہیں، جو جے کے سی ایس آر 1956 کی دفعہ 128 کے تحت قابلِ کارروائی معاملہ ہے۔ جس کے بعد متعلقہ افسر کو جموں و کشمیر سول سروسز (درجہ بندی، کنٹرول اور اپیل) رولز، 1956 کے قاعدہ 31 کے تحت معطل کر دیا گیا۔
حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر کوتوال اپنی معطلی کی مدت کے دوران چیف میڈیکل آفس کشتواڑ سے منسلک رہیں گے اور بی ایم او کشتواڑ کو ان کے اپنے فرائض کے علاوہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ضلع ہسپتال کشتواڑ کا چارج بھی دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کشتواڑ کے جاری کردہ حکم نامہ کے مطابق، “اے ڈی سی کشتواڑ اس معاملے کی محتاط انکوائری کریں گے اور مثبت طور پر 07 دنوں کے اندر مزید کارروائی کے لیے اپنی سفارش کے ساتھ تفصیلی رپورٹ اس دفتر کو پیش کریں گے”۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ معطلی کا حکم جاری ہونے کے فوراً بعد، ڈاکٹر کوتوال 15 سے 19 جنوری 2024 تک پانچ دن کی چھٹی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ “اپنی چھٹی کے دوران ڈاکٹر ساجد حسین بٹ، کنسلٹنٹ سرجن، ضلع کشتواڑ ہسپتال کے معمولات اور ہنگامی کاموں کی دیکھ بھال کرتے رہے”۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اس معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے کہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی معطلی کے بعد چھٹی کیسے منظور کی گئی، واضح طور پر اس بات کا اشارہ دیا کہ ڈی ایچ ایس جے اس میں ملوث ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چیف سیکرٹری اور سیکرٹری ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سمیت اعلیٰ حکام نے اس میں مداخلت کی جس کے بعد ڈی ایچ ایس جے نے فوری طور پر چھٹی کا حکم نامہ منسوخ کر دیا۔
معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ایک حکم نامہ زیر نمبر ES-3/4156-58 مورخہ 19 جنوری 2024 کے ذریعہ، ڈاکٹر یودویر سنگھ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہسپتال کشتواڑ کے حق میں منظور شدہ 05 دن کی چھٹی منسوخ کر دی گئی ہے۔