عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// صوبہ جموں کے ہر ضلع میں جلد ہی سائبر سیل قائم کئے جائیں گے تاکہ جموں و کشمیر میں سائبر کرائم کے بڑھتے ہوئے واقعات کو روکا جا سکے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ چونکہ سائبر فراڈ اور سائبر کرائم کے معاملات ہر تھانے میں رپورٹ کیے جا رہے ہیں، اس کو مدنظر رکھتے ہوئے جموں خطہ کے ہر ضلع میں سائبر سیل قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا، ’’فی الحال، جموں ضلع میں صرف ایک سائبر سیل کام کر رہا ہے اور اس پر زیادہ بوجھ ہے جس کی وجہ سے شکایات کو حل کرنے میں تاخیر ہو رہی ہے‘‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر پولیس اہلکاروں کو سائبر سیل کے ماہرین کے ذریعہ تربیت دی جارہی ہے تاکہ یہ یونٹ ہر ضلع میں کام کرنے کے بعد اس طرح کی شکایات کو سنبھال سکیں۔
سرکاری ذرائع نے بنایا، “موجودہ صورتحال میں سائبر فراڈ کی شکایات متعلقہ تھانوں میں درج کی جا رہی ہیں اور انہیں سائبر پولیس سٹیشن جموں کو بھیجا جا رہا ہے تاکہ ازالہ کیا جا سکے”۔ انہوں نے مزید کہا کہ فشنگ، دھوکہ دہی، سوشل میڈیا پر بدنامی، آن لائن منی فراڈ جیسی شکایات رپورٹ کی جا رہی ہیں، جو سنجیدہ نوعیت کی ہیں اور جن پر جلد از جلد توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا، “شکایات کے التوا نے جموں و کشمیر پولیس کو پولیس ہیڈ کوارٹر سے منظوری ملنے کے بعد ہر ضلع میں سائبر سیل قائم کرنے کا عمل شروع کرنے کی تحریک دی”۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ جموں زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس آنند جین نے بھی اس کا نوٹس لیا ہے اور پورے زون میں سائبر سیل جلد شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔
ایک اہلکار نے کہا کہ سائبر فراڈ کی شکایات سے نبرد آزما لوگوں کی سہولت کے لیے، یہ سیل ضلعی سطح پر متعارف کرائے جا رہے ہیں تاکہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔