یو این آئی
غزہ//اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے ، اسرائیلی فوج کی جانب سے رہائشی علاقوں پر بمباری میں مصری میڈیا کے صحافی اور مواصلاتی کمپنی کے دو اہلکاروں سمیت مزید 125 فلسطینی ہلاک ہوگئے ، جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے ۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مصری ٹی وی کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ ان کے صحافی یزان الزویدی غزہ میں اپنی صحافتی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے اسرائیلی فورسز کی بمباری کا نشانہ بن گئے ۔اپنے بیان میں مصری ٹی وی نے انسانی حقوق اور صحافیوں کی عالمی تنظیموں سے اسرائیل کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اسرائیلی فوج نے یزان الزویدی کو غزہ میں ٹارگٹ بنا کرہلاک کیا ہے ۔غزہ میں مواصلاتی نظام کا بلیک آؤٹ اب بھی جاری ہے ، مواصلاتی اور انٹرنیٹ سروسز دو روز سے معطل ہیں۔صحافیوں کی عالمی تنظیم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس نے کہا ہے کہ اسرائیلی افواج کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے صحافیوں کی تعداد 82 ہو چکی ہے جس میں75 فلسطینی صحافی شامل ہیں۔ اسرائیلی فورسز نے مغربی کنارے میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران مزید 5 فلسطینی نوجوانوں کو ہلاک کردیا گیا،۔